Wednesday, October 21, 2026
پہلا صفحہخبریںاہم فیصلوں کا وقت آ گیا، خیبرپختونخوا کو نااہل حکمرانوں کے حوالے...

اہم فیصلوں کا وقت آ گیا، خیبرپختونخوا کو نااہل حکمرانوں کے حوالے نہیں کر سکتے: خواجہ آصف

وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے خیبرپختونخوا میں پیش آنے والے دہشت گردی کے واقعات پر پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

ایکس پر اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کی صوبے میں دہشت گردی سے مکمل لاتعلقی اور مجرمانہ بے حسی جاری ہے، اب بہت ہو گیا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت ایک نام نہاد ناکام سیاسی لانگ مارچ میں مصروف ہے، جبکہ دوسری جانب خیبرپختونخوا کے عوام ایک نئی دہشت گردی کی لہر کا سامنا کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق 6 اکتوبر کو ڈی آئی خان میں دہشت گردوں نے مزید 5 بے گناہ افراد کو قتل کیا، جن میں 2 کسٹم اہلکار بھی شامل تھے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سمیت صوبائی کابینہ کے ارکان اس سنگین صورتحال سے بے نیاز ہو کر سیاسی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ صوبائی حکومت نے ڈی آئی خان میں جاں بحق افراد کے قتل کی مذمت تک نہیں کی اور متاثرہ خاندانوں سے تعزیت بھی نہیں کی۔

وفاقی وزیر دفاع نے مزید الزام عائد کیا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے آئی جی پولیس اور چیف سیکریٹری کو گورنر کی سکیورٹی میٹنگ میں شرکت کرنے پر سرزنش کے لیے اجلاس طلب کیا ہے۔ ان کے مطابق دہشت گردی سے متاثرہ صوبے کے عوام کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے، جس کے باعث مختلف علاقوں میں صوبائی حکومت کے خلاف احتجاج بھی جاری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام پہلے ہی بہت زیادہ جانی نقصان برداشت کر چکے ہیں اور اب اس صورتحال کو مزید نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ خواجہ آصف نے پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت پر دہشت گردوں کے ساتھ مبینہ گٹھ جوڑ اور انہیں سہولت فراہم کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ تین برس کے دوران اس حوالے سے متعدد شواہد اور مثالیں سامنے آچکی ہیں۔

وفاقی وزیر دفاع نے مسلم لیگ ن کے اپوزیشن میں رہنے کے دور کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں نواز شریف، ان کے خاندان اور مسلم لیگ ن کی قیادت کو قید کا سامنا کرنا پڑا، لیکن اس کے باوجود مسلم لیگ ن نے پارلیمنٹ میں اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری کیں اور عدالتوں و پارلیمنٹ کے فورمز پر قانونی اور آئینی جدوجہد جاری رکھی۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اب اہم فیصلے کرنے کا وقت آ گیا ہے اور خیبرپختونخوا کو مزید نااہل اور بے حس حکمرانوں کے سپرد نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے زور دیا کہ ملکی وحدت کو داؤ پر نہیں لگایا جا سکتا اور نہ ہی کسی ایک صوبے کو یرغمال بننے دیا جا سکتا ہے۔

نیوز ڈیسک

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

متعلقہ پوسٹس
- Advertisment -

مقبول ترین

ریسینٹ کمنٹس