Tuesday, June 24, 2025
پہلا صفحہخبریںاداکار شکیل اب نہیں رہے لیکن اپنے اَمر کرداروں میں ہمیشہ زندہ...

اداکار شکیل اب نہیں رہے لیکن اپنے اَمر کرداروں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے

فلموں اور ٹیلی وژن کے نامور اداکار شکیل 85 برس کی عمر میں کراچی میں انتقال کرگئے۔ کئی سال قبل اداکار شکیل کا بائی پاس آپریشن بھی ہوا تھا جبکہ وہ پچھلے کئی سال سے جوڑوں کی ایک بیماری ارتھرائٹس کا شکار تھے۔ شکیل کو چلنے پھرنے میں دشواری ہوتی تھی، اس لیے ایک ملازم انہیں چلنے میں مدد دیتا تھا۔ گزشتہ چند روز سے ان کی طبیعت کافی ناساز تھی جس کے باعث انہیں ہسپتال میں داخل کرادیا گیا تھا۔ انہوں نے ٹیلی وژن انڈسٹری پر ایک عرصے تک راج کیا۔ انکل عرفی (1972)، ان کہی (1982) اور آنگن ٹیڑھا (1984) جیسے ڈراموں نے انتہائی شہرت و مقبولیت حاصل کی۔ اداکار شکیل نے 1988 میں قائد اعظم محمد علی جناح کی زندگی پر بننے والی جمیل دہلوی کی فلم ’جناح‘ میں اداکار کرسٹوفر لی کے ساتھ کام کرتے ہوئے پاکستان کے پہلے وزیراعظم لیاقت علی خان کا کردار ادا کیا تھا۔

ان کی بے ساختہ کردار نگاری نے ٹی وی ڈراموں کو سپرہٹ بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ماضی کی مقبول ڈراما سیریلز شہ زوری، انکل عرفی، انتظار فرمایے، ان کہی، زیر زبر پیش، افشاں، انا، عروسہ، گردش، آنگن ٹیڑھا سمیت لاتعداد ڈرامے ایسے ہیں جنہیں شکیل نے اپنی لاجواب اداکاری سے امر کردیا۔
خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ مرحوم کی نماز جنازہ کل بعد نماز عصر ادا کی جائے گی۔ اداکار شکیل کی بیٹی آج رات سعودی عرب سے کراچی پہنچ رہی ہیں جبکہ ان کا بیٹا کراچی میں ہی موجود ہے۔

بھوپال (انڈیا) میں 29 مئی 1938 کو پیدا ہونے والے شکیل 1952 میں اپنے خاندان کے ساتھ پاکستان منتقل ہوئے، جہاں انہوں نے بڑے پردے پر اپنے کیریئر کا آغاز 1966 کی فلم ’ہونہار‘ سے کیا جس میں انہیں پاکستانی فلم انڈسٹری کے اس وقت کے بڑے نام وحید مراد کے ساتھ اسکرین شیئر کرنے کا موقع ملا۔ مرحوم اداکار کا اصلی نام یوسف کمال تھا، جسے انہوں نے شوبز کی دنیا میں آنے کے بعد بدل کر شکیل کر دیا تھا۔ اداکار شکیل نے کافی عرصہ تھیٹر پر بھی کام کیا۔
اداکار شکیل کو ان کی بہترین اداکاری پر 1992 میں پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ دیا گیا۔

علی گیلانی

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

متعلقہ پوسٹس
- Advertisment -

مقبول ترین

ریسینٹ کمنٹس