Monday, June 2, 2025
پہلا صفحہباکس آفسعیدالفطر پر تین فلموں دوڑ، منی بیک گارنٹی، اور ہوئے تم اجنبی،...

عیدالفطر پر تین فلموں دوڑ، منی بیک گارنٹی، اور ہوئے تم اجنبی، میں کانٹے کا مقابلہ متوقع

عید الفطر کا تہوار فلم بینوں کے لیے خاص اہمیت کا حامل ہوتا ہے اور ہندوستان ہو یا پاکستان، دونوں ملکوں میں عید پر سنیما بینی تفریح کا اہم ذریعہ رہا ہے۔ یہ روایت ان دونوں ملکوں میں تقسیم ہند سے قبل چلی آرہی ہے۔
اس عید الفطر پر بھی جہاں بولی وڈ میں سلمان خان کی کسی کا بھائی کسی کی جان، کا بے چینی سے انتظار کیا جارہا ہے تو وہیں پاکستانی شائقین کے لیے بھی یہ عید خاص ثابت ہونے والی ہے۔
عیدالفطرپر اس برس شائقین کو چار اُردو، ایک پنجابی اور دو انگریزی فلمیں دیکھنے کو ملیں گی۔
انگریزی فلموں میں کیانو ریز کی ”جون وِک“ کا چوتھا حصہ اور ہارر ماسٹر پیس ”ایول ڈیڈ رائز“ نمائش کے لیے پیش کی جارہی ہیں۔

عید کی واحد پنجابی فلم ’لاہور قلندر‘ کی کاسٹ میں صائمہ، التمش بٹ اورشفقت چیمہ نمایاں ہیں۔
اُردو فلموں میں منی بیک گارنٹی، ہوئے تم اجنبی، دادل، اور دوڑ، شامل ہیں۔
ان چاروں فلموں میں ایکشن سے بھرپور ’دوڑ‘ کے سب سے ذیادہ چرچے ہیں جس کی پروموشن نے خاص طور پر سوشل میڈیا پر دھوم مچارکھی ہے۔

دوڑ، کے ڈائریکٹر ندیم چیمہ ہیں جبکہ اسٹار کاسٹ میں اسد محمود، عروج چوہدری، سلیم معراج، شفقت چیمہ، کامران مجاہد، سوہا علی، راشد محمود، شہباز چوہدری، حفصہ راجپوت، وسیم علی، سردار کمال ، اظہر رنگیلا اور اسلم حسن شامل ہیں۔
اس فلم کا میوزک ریلیز سے قبل ہی ہٹ ہوچکا ہے۔ خاص طور پر فلم کا آئٹم سونگ جو اداکارہ سوہا علی پر فلمایا گیا ہے۔
ٹریلر دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ یہ فلم بارہ مسالے کی چاٹ ہے اور عید پر آڈیئنس کو خوب انٹر ٹین کرنے والی ہے۔ دوڑ، بظاہر توایکشن فلم ہے لیکن اس میں رومینس بھی ہے اور چھے زبردست گانوں کے ساتھ کامیڈی کا تڑکا بھی لگایا گیا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ فلم بینوں کی اس فلم کے لیے بے چینی، باکس آفس پرکیا رنگ لاتی ہے؟

دوڑ، کے فلم سازیو کے بیسڈ پاکستانی اسلم حسن ہیں جنہوں نے فلم پر خطیر سرمایہ خرچ کیا ہے۔ اوراس فلم کی پروڈکشن کوالٹی دیکھتے ہوئے اندازہ لگانا مشکل نہیں کہ دوڑ، ایک میگا بجٹڈ مووی ہے۔ دوڑ، میٹرو لائیو موویز کے بینرتلے نمائش کے لیے پیش کی جارہی ہے۔

اس عید پر فواد خان کی فلم منی بیک گارنٹی، بھی آرہی ہے۔ جس کی کاسٹ میں کئی بڑے نام شامل ہیں۔ میکال ذوالفقار، کرن ملک، جان ریمبو، گوہر رشید، شایان خان، حرا مانی، مرحوم احمد بلال، عدنان جعفر، عائشہ عمر، شفاعت علی، جاوید شیخ، حنا دلپزیر، علی سفینہ، سمیت وسیم اکرم اور شنائرا اکرم بھی منی بیک گارنٹی ، میں جلوہ گر ہیں۔

بجٹ اور کاسٹ کے اعتبارسے اس عید کی سب سے بڑی اور مہنگی فلم منی بیک گارنٹی، میں فواد خان کا نام ہی اس بات کی گارنٹی ہے کہ یہ فلم عید کی سب سے بڑی ہٹ ثابت ہوسکتی ہے۔ یعنی پروڈیوسر کی اس فلم پر لگائی منی بیک ہونے کی سو فی صد گارنٹی۔
منی بیک گارنٹی، کے ڈائریکٹر فیصل قریشی ہیں جنہیں اشتہاری فلمیں بنانے کا وسیع تجربہ ہے۔ ساتھ ہی وہ کامیڈی لکھنے کے بھی بادشاہ ہیں۔

اس تجربے کی بنیاد پر کہا جاسکتا ہے کہ وہ منی ہائیسٹ، سے متاثر اس فلم میں کچھ ایسا دکھانے میں ضرور کامیاب ہوں گے کہ جو آڈیئنس کو ہلاکر رکھ دے۔ منی بیک گارنٹی، ڈسٹری بیوشن کلب کے بینر سے ریلیز کی جارہی ہے۔
عید الفطر کی تیسری قابل ذکر فلم ’ہوئے تم اجنبی‘ ہے، جس کے ڈائریکٹر کامران شاہد ہیں۔

سقوط ڈھاکہ کے پس منظر میں لکھی گئی ایک حساس رومینٹک کہانی سے نوآموز ڈائریکٹر کامران شاہد کس حد تک انصاف کرپائے ہیں، اس کا فیصلہ تو آڈیئنس نے کرنا ہے لیکن فلم کا ٹریلر اورگانے دیکھنے کے بعد شائقین کا اشتیاق یہ فلم دیکھنے کے لیے بڑھ گیا ہے۔

ہوئے تم اجنبی، کی کاسٹ میں میکال ذوالفقار، سعدیہ خان، محمود اسلم، شاہدحمید، سہیل احمد، عائشہ عمر، شمعون عباسی اور ثمینہ پیرزادہ شامل ہیں۔
یہ فلم مانڈوی والا انٹرٹین منٹ کے بینرسے ریلیز کی جارہی ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

متعلقہ پوسٹس
- Advertisment -

مقبول ترین

ریسینٹ کمنٹس