Monday, March 10, 2025
پہلا صفحہخبریںپاکستان کی پہلی بلوچی فلم کو سینسر سرٹیفیکیٹ جاری کرنے کی تاریخ...

پاکستان کی پہلی بلوچی فلم کو سینسر سرٹیفیکیٹ جاری کرنے کی تاریخ رقم کردی گئی

جمعہ 2 ستمبر کو ریلیز ہونے والی پاکستان کی پہلی بلوچی فلم دودا، کو سندھ فلم سینسرز بورڈ کی جانب سے عام نمائش کا سرٹیفیکیٹ جاری کردیا گیا ہے۔ یہ پاکستان کی تاریخ کا پہلا موقع ہے کہ کسی بلوچی فلم نے سینسر سرٹیفیکیٹ حاصل کیا اور سنیما گھروں کی زینت بن رہی ہے۔ پاکستان کی پہلی بلوچی فلم کے سرٹیفیکیٹ پر چیئرمین سینسر بورڈ خالد بن شاہین کے دستخط ہیں۔ اس سے قبل دودا، فیڈرل سینسرز بورڈ اور پنجاب سینسرز بورڈ سے اُردوزبان میں نمائش کا سرٹیفیکیٹ حاصل کرچکی ہے۔ کراچی سمیت سندھ اور کوئٹہ کے سنیماگھروں میں یہ فلم بلوچی اوراُردو دونوں زبانوں میں ریلیز کی جارہی ہے۔

سندھ فلم سینسرز بورڈ کے جاری سرٹیفیکیٹ کا عکس

سندھ فلم سینسرز بورڈ کے ممبران نے دودا، کا پری ویو کیا اور اسے بغیر کسی قطع و برید کے عام نمائش کے قابل قرار دیا ہے۔ فلم کی سینسر رپورٹ تینوں بورڈز سے کافی مثبت نکلی ہے اور تمام بورڈ ممبران نے ناصرف فلم کے موضوع کی تعریف کی ہے بلکہ نئے ڈائریکٹر عادل بزنجو کے کام کو بھی سراہا ہے۔ واضح رہے کہ دودا، سنیماؤں کی زینت بننے والی پہلی بلوچی فلم ہے جس کا اُردو ڈب ورژن بھی 2 ستمبر کو ریلیز کیا جارہا ہے۔

چیئرمین فلم سینسرز بورڈ سندھ خالد بن شاہین, سیکریٹری بورڈ عادل احمد، ممبران شفقت احمد اور عمر خطاب خان کے ہمراہ فلم کے ہدایت کار عادل بزنجو

چیئرمین فلم سینسرز بورڈ سندھ خالد بن شاہین کے مطابق دودا، دیکھ کر اس لیے بھی ذیادہ خوشی ہوئی کہ لیاری کے باہمت فلم میکرز نے مل کر یہ کوشش کی جوکہ ایک نئی فلم انڈسٹری کا جنم ہے۔ بلوچی زبان کی فلموں کو فروغ ملنا چاہیے کیونکہ پاکستان کی ایک بڑی آبادی اس زبان سے تعلق رکھتی ہے۔ انہوں نے فلم کے موضوع اور فن کاروں کی پرفارمنس کی بھی تعریف کی۔

فلم دودا، کی کہانی، لیاری کے ایک باکسر کے گرد گھومتی ہے

یہ فلم لیاری سے تعلق رکھنے والے ایک محنت کش بلوچ باکسر دودا، کی کہانی ہے جو معاش کے جنگ لڑنے کے ساتھ ساتھ اکھاڑے میں اپنے حریف سے بھی نبردآزما ہے۔ میٹرو لائیو موویز کو یہ اعزاز حاصل ہونے جارہا ہے کہ فلمی تاریخ کی پہلی بلوچی مووی اس ادارے کے توسط سے سنیماگھروں کی زینت بن رہی ہے۔ چند ماہ قبل اس فلم کا آفیشل پوسٹر جاری کیا گیا تھا جس میں معروف ماڈل اور اداکار شعیب حسن کو ایکشن میں دیکھا جاسکتا ہے۔ شعیب حسن اس فلم میں ٹائٹل رول نبھارہے ہیں۔ دودا، کا ٹریلر سنیما گھروں اور یوٹیوب پر جاری کیا گیا ہے جسے عوام نے بے حد سراہا ہے۔ خاص طور پر پڑوسی ملک بھارت کے میڈیا نے اس فلم کے ٹریلر کی بے حد تعریف کی اوراسے آؤٹ آف دا باکس قرار دیا۔

فیڈرل سینسر بورڈ کے جاری سرٹیفیکٹ کا عکس

اس فلم کی خاص بات یہ بھی ہے کہ پاکستان کی پہلی بلوچی فلم بنانے اور اسے سنیماگھروں تک لانے کی خواہش دل میں ہی لیے دُنیا سے رخصت ہوجانے والے اداکار، فلم ساز و ہدایت کار انور اقبال مرحوم ناصرف اس فلم کا حصہ ہیں بلکہ یہ فلم انہیں ڈیڈیکیٹ بھی کی گئی ہے۔ اداکار و ہدایت کار انور اقبال مرحوم نے یہ فلم 1975 میں بنائی تھی جو سنیماگھروں کی زینت نہ بن سکی۔ فلم کی کہانی رومانوی داستان حمل و ماہ گنج، پرمبنی تھی۔
دودا، کی کاسٹ میں شعیب حسن، ابیلا کرد، فضا بی بی، عطا گل، عمران بلوچ، گمنام، وسیم بزنجو، شاہ بلوچ، شکیل مراد، ایاز علی، اختر دانش، شکور بلوچ اور انور اقبال شامل ہیں۔
فلم کے پروڈیوسرز عمران ثاقب اور حبیب حسن ہیں جبکہ اسکرین پلے رائٹر، سنیما ٹوگرافر اور ڈائریکٹر عادل بزنجو ہیں۔ نغمات عمران ثاقب، میوزک عمران ثاقب، مزمل اور علیم بلوچ نے دیا ہے۔ اسکرپٹ ثاقب بزنجو، عادل بزنجو اور جاوید شائے نے لکھا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

متعلقہ پوسٹس
- Advertisment -

مقبول ترین

ریسینٹ کمنٹس