Thursday, September 19, 2024
پہلا صفحہباکس آفسیار انمولے ریٹرنز بمقابلہ بیٹ مین اور عشرت میڈ ان چائنا

یار انمولے ریٹرنز بمقابلہ بیٹ مین اور عشرت میڈ ان چائنا

گزشتہ ہفتہ پاکستانی باکس آفس کے حوالے سے کافی سرگرم ثابت ہوا۔ اس ہفتے چارفلمیں باکس آفس کی زینت بنیں، جن میں دو میجر ریلیزز ہالی وڈ مووی ’بیٹ مین‘ اور میگا بجٹڈپاکستانی فلم ’عشرت میڈ اِن چائنا‘ بھی شامل ہیں۔ توقعات کے برخلاف بیٹ مین، باکس آفس پر کوئی بڑا دھماکا نہ کرسکی، حالانکہ یہ امکان ظاہر کیا جارہا تھا کہ اسپائیڈر مین، کے بعد بیٹ مین، اس سال کی بڑی ہٹ ثابت ہوگی لیکن فلم کے پہلے ویک اینڈ پر بمشکل چند شوز فل ہوسکے ۔ 3 مارچ کو لمیٹڈ شوز کے ساتھ کم زور اوپننگ لینے کے بعد جمعے کو فلم کے چند شوز بہتر گئے لیکن ہفتے کو فلم کے کلیکشنز ڈاؤن ہوگئے۔ اتوار کو فلم نے اچھا رش لیا، اس کے باوجود چار دن میں بیٹ مین، کے کلیکشنز دو کروڑ سے کم رہے۔ مجموعی طور پر فلم نے فرسٹ ویک میں 3 کروڑ 20 لاکھ کی فگر بمشکل پوری کی ہے۔سیکنڈ ویک میں فلم کے شوز بھی کم کردیے گئے ہیں۔ بیٹ مین، کے کم زور بزنس کی اہم وجوہات میں فلم کی غیر ضروری طوالت اور فلم کا تھری ڈی ورژن نہ ریلیز کرنے کو بھی قرار دیا جارہا ہے۔

بیٹ مین، نے پہلے ہفتے میں تین کروڑ بیس لاکھ کمالیے

چار مارچ کو ریلیز کی جانے والی دوسری بڑی فلم ’عشرت میڈ اِن چائنا‘ نے بھی اُمیدوں کے برخلاف بدترین ناکامی کا سامنا کیا۔ اس فلم پر 12 کروڑ لاگت کا دعوا کیا گیا ہے لیکن فلم کے کراچی میں پریمئر شوکے بعد ہی اس فلم کے حوالے سے سوشل میڈیا پر منفی تبصروں کا سلسلہ شروع ہوگیا، جس کے نتیجے میں فلم کے بزنس کو نقصان پہنچا تاہم اس فلم کی ناکامی کی ایک اور وجہ انتہائی ناقص پبلسٹی کو بھی قرار دیا گیا ہے۔

عشرت میڈ اِن چائنا، بھی جمعے کی بجائے جمعرات کو ریلیز کرنے کا انوکھا فیصلہ کیا گیا۔ جمعرات کے شوز کی رپورٹ اورسوشل میڈیا پر وائرل فلم کے منفی تبصروں کے نتیجے میں جمعے کو فلم کے کلیکشنز تباہ کن ثابت ہوئے۔ اس فلم نے حالیہ سالوں میں ریلیز ہونے والی کئی انڈی فلموں سے بھی کم تر بزنس کیاجو کہ تشویش ناک ہے۔ اتوار تک فلم کے شوز میں بھی کمی آگئی اور اس فلم کے شوز بیٹ مین، کو دے دیے گئے۔

عشرت میڈ ان چائنا، نے باکس آفس پر بدترین ناکامی کا سامنا کیا

عشرت میڈ اِن چائنا، نے جمعرات کے شوز ملاکر پہلا ویک اینڈ 7 لاکھ میں کلوز کیا۔ ویک ڈیز کے آغاز پر فلم کئی شہروں میں اپنا سفر مکمل کرتے ہوئے اتار لی گئی جن میں فیصل آباد، گوجرانوالہ، گجرات اور سیالکوٹ نمایاں اسٹیشنز ہیں۔
عشرت میڈ اِن چائنا، نے اپنی نمائش کے پہلے ہفتے کے اختتام پر مجموعی طور پر دس لاکھ کا بزنس کیا ہے جو کہ پاکستان کی تاریخ میں دوکروڑ سے ذیادہ میں بننے والی کسی بھی فلم کے سب سے کم فگرز کا ریکارڈ بھی ہے۔
چار مارچ کو ہی دو پنجابی فلمیں قسمت 2، اور یار انمولے ریٹرنز ، بھی نمائش کے لیے پیش کی گئیں جن میں سے قسمت2، نے مناسب بزنس کیا تاہم فلم چونکہ پاکستان میں ورلڈ وائیڈ ریلیز کے بعد خاصی تاخیر سے ریلیز کی گئی، جس کے باعث قسمت2، کو متوقع کامیابی نہ مل سکی۔ اس کے علاوہ فلم آئی پی ٹی وی سمیت کئی ویڈیو پورٹلز پر موجود ہونے کے باعث بھی پنجابی فلموں کے شائقین کی توجہ سے محروم رہی ۔ پہلے ہفتے کے اختتام پر قسمت2، نے مجموعی طور پر 15 لاکھ کا بزنس کیا۔

یار انمولے ریٹرنز، کی مقبولیت میں میوزک کا اہم کردار

اس کے برعکس ’یار انمولے ریٹرنز‘ کو پنجابی فلموں کے شائقین کی جانب سے غیر معمولی ریسپانس ملا اور فلم کو شوز بھی اچھے دیے گئے، جس کے باعث یار انمولے ریٹرنز، اس ویک بزنس کے اعتبار سے دوسرے نمبر پر رہی اور مقابلے پر موجود دیگر دونوں فلموں عشرت میڈ اِن چائنا، اور قسمت2، سے بہترکلیکشنز حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔

یار انمولے ریٹرنز، کی تمام کاسٹ اور ڈائریکٹر ہیری بھٹی فلم کی شوٹ پر

یار انمولے ریٹرنز، نے پہلے ہفتے کے اختتام پر 30 لاکھ کا فگرکراس کرلیا ہے۔ اس فلم کے کلیکشنز میں پہلے دن کے بعد بتدریج اضافہ دیکھا گیا ہے اور ویک ڈیز میں بھی فلم کا بزنس کافی بہتر دکھائی دے رہا ہے۔ اسلام آباد سمیت لاہور اور پنجاب کے دیگر شہروں خصوصاً راول پنڈی، گوجرانوالہ، ملتان، فیصل آباد، گجرات، میں اس فلم نے کافی بہتر بزنس کیا ہے۔
’یار انمولے ریٹرنز‘ کی کاسٹ میں ہریش ورما، یوراج ہنس، پرابھ گل، نوپریت بنگا، جیسلین سلائچ، نکیت ڈھلون، سکھویندر چہل، پرابھ کور، رانا جنگ بہادر اوردیگر مقبول ستارے شامل ہیں۔ فلم کے ڈائریکٹر ہیری بھٹی ہیں۔ واضح رہے کہ یہ اس سیریز کی تیسری فلم ہے۔ قبل ازیں اس فلم کے دو حصے باکس آفس پر کامیابی کی تاریخ رقم کرچکے ہیں۔

پنجابی فلم یار انمولے ریٹرنز، کا آفیشل ٹریلر

’یار انمولے ریٹرنز‘کی پاکستان میں کامیابی میں فلم کے میوزک کو اہم وجہ قرار دیا گیا ہے۔ کئی سالوں بعد کسی پنجابی فلم کا میوزک اس قدر پاپولر ہوا ہے۔ فلم میں کل سات گانے شامل ہیں جو میوزک سائٹس پرپہلے ہی مقبولیت کے ریکارڈز بناچکے ہیں۔

یار انمولے ریٹرنز، کا میوزک فلم کی باکس آفس پر کامیابی کی بڑی وجہ بنا

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

متعلقہ پوسٹس
- Advertisment -

مقبول ترین

ریسینٹ کمنٹس