Thursday, November 26, 2026
پہلا صفحہخبریںپی ایس ایل ڈائریکٹ سائننگ کا مرحلہ مکمل، سب سے مہنگا کھلاڑی...

پی ایس ایل ڈائریکٹ سائننگ کا مرحلہ مکمل، سب سے مہنگا کھلاڑی کون رہا؟

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 12ویں ایڈیشن کے لیے غیر ملکی کرکٹرز کی ڈائریکٹ سائننگ کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے۔

میتھیو شارٹ اس مرحلے کے سب سے مہنگے کھلاڑی قرار پائے، جنہیں راولپنڈیز نے 9 کروڑ 15 لاکھ روپے کے عوض اپنی ٹیم کا حصہ بنایا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لوکی فرگوسن کو 7 کروڑ 63 لاکھ روپے جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے میٹ ہینری کو 7 کروڑ 7 لاکھ روپے میں سائن کیا۔

دوسری جانب لاہور قلندرز نے کمندو مینڈس، کراچی کنگز نے عادل راشد اور ملتان سلطانز نے لارنس مورس کے ساتھ براہ راست معاہدے کیے۔

پشاور زلمی اور حیدرآباد کنگزمین نے اس بار کسی بھی کھلاڑی کو براہ راست سائن نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ دونوں ٹیمیں کھلاڑیوں کی برقرار رکھنے، ٹریڈز اور نیلامی کے ذریعے اپنے اسکواڈز مکمل کریں گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق ڈائریکٹ سائننگ پالیسی کے تحت ہر فرنچائز کو ایسے ایک کھلاڑی کو منتخب کرنے کی اجازت دی گئی تھی جس نے پی ایس ایل کے دسویں اور گیارہویں ایڈیشن میں شرکت نہ کی ہو۔

فرنچائزز براہ راست سائن کیے گئے کھلاڑی سمیت زیادہ سے زیادہ 7 کھلاڑیوں کو اپنے اسکواڈ میں برقرار رکھ سکتی ہیں، جس کے لیے 13 جنوری 2027 آخری تاریخ مقرر کی گئی ہے۔

اگر کوئی فرنچائز تمام 7 کھلاڑیوں کو برقرار رکھتی ہے تو اس کے لیے گزشتہ نیلامی کی سب سے مہنگی کیٹیگری میں شامل کسی ایک کھلاڑی کو دوبارہ نیلامی میں شامل کرنے کے لیے ریلیز کرنا ضروری ہوگا۔

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے 12ویں ایڈیشن کا پہلا میچ پشاور میں کھیلا جائے گا، جبکہ ایونٹ کے مکمل شیڈول کا اعلان آئندہ چند ہفتوں کے دوران متوقع ہے۔

نیوز ڈیسک

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

متعلقہ پوسٹس
- Advertisment -

مقبول ترین

ریسینٹ کمنٹس