بھارتی فلم ورکرز ایسوسی ایشن نے 4 دسمبر 2026 کو نیٹ فلکس پر ریلیز ہونے والی پاکستانی ویب سیریز ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو، کی ریلیز روکنے کے لیے وزیراعظم نریندر مودی کو خط لکھ دیا۔
بھارت کی آل انڈین سنے ورکرز ایسوسی ایشن نے وزیراعظم نریندر مودی کے نام ایک خط میں نیٹ فلکس پر 4 دسمبر 2026 کو ریلیز ہونے والی پاکستانی ویب سیریز ”جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو“ کی ریلیز روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی تنظیم نے بھارت میں پاکستانی مواد پر مستقل پابندی لگانے کے لیے قانون سازی کی درخواست بھی کی ہے۔
24 نومبر 2026 کی تاریخ کے اس خط میں ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ وہ پاکستانی ویب سیریز کی بھارتی پلیٹ فارم پر ریلیز کے حوالے سے شدید تحفظات رکھتی ہے۔ خط میں سیریز کی کاسٹ میں شامل فواد خان، ماہرہ خان، ہانیہ عامر اور سمن انصاری سمیت دیگر پاکستانی فنکاروں کا ذکر کیا گیا ہے۔

خط میں ایسوسی ایشن نے پاکستانی فنکاروں کے بھارت میں کام کرنے پر پہلے سے عائد پابندیوں اور ماضی میں جاری کیے گئے حکومتی احکامات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی مواد کی اس نئی ریلیز کو ان پابندیوں کے تناظر میں دیکھا جانا چاہیے۔
ایسوسی ایشن نے اپنے خط میں 8 مئی 2025 کو بھارتی وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے جاری کردہ ایڈوائزری کا بھی حوالہ دیا ہے، جس کے مطابق بھارتی OTT پلیٹ فارمز، اسٹریمنگ سروسز اور دیگر ڈیجیٹل اداروں کو پاکستانی مواد، جس میں ویب سیریز، فلمیں، گانے، پوڈکاسٹس اور دیگر ڈیجیٹل مواد شامل ہیں، کی اسٹریمنگ روکنے کی ہدایت کی گئی تھی۔ ایسوسی ایشن کا موقف ہے کہ مذکورہ ویب سیریز کی ریلیز اس ایڈوائزری کی روح کے خلاف ہے۔
خط کے آخر میں ایسوسی ایشن نے وزیراعظم نریندر مودی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ نیٹ فلکس پر پاکستانی ویب سیریز ”جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو“ کی 4 دسمبر 2026 کی ریلیز روکنے کے لیے اقدامات کریں اور بھارت میں پاکستانی مواد کی ریلیز پر مستقل قانونی پابندی عائد کرنے کے لیے قانون سازی کریں۔




