ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز ٹورنامنٹ میں بھارت کے نوجوان بلے باز ویبھو سوریاونشی نے متحدہ عرب امارات کے خلاف غیر معمولی بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے محض 53 گیندوں پر 204 رنز بنا ڈالے۔ ان کی شاندار اننگز میں 28 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے۔
15 سالہ ویبھو سوریاونشی نے لسٹ اے کرکٹ میں تیز ترین سنچری بنانے کا اعزاز بھی حاصل کرلیا۔ انہوں نے صرف 28 گیندوں میں 100 رنز مکمل کرکے آسٹریلوی بلے باز جیک فریزر میک گرک کا 29 گیندوں پر سنچری بنانے کا ریکارڈ توڑ دیا۔
40 گیندوں میں 150 رنز مکمل کرلیے
ویبھو سوریاونشی نے سنچری بنانے کے بعد بھی اپنی جارحانہ بیٹنگ برقرار رکھی اور محض 40 گیندوں میں 150 رنز کا سنگ میل عبور کرکے لسٹ اے کرکٹ میں ایک اور نیا ریکارڈ بنا ڈالا۔
بھارتی بلے باز نے صرف 52 گیندوں پر ڈبل سنچری اسکور کی اور لسٹ اے کرکٹ کی تاریخ میں تیز ترین ڈبل سنچری بنانے والے کھلاڑی بن گئے۔
اس سے قبل لسٹ اے کرکٹ میں تیز ترین ڈبل سنچری 102 گیندوں پر بنانے کا ریکارڈ موجود تھا، جسے ویبھو نے 50 گیندوں کے واضح فرق سے اپنے نام کرلیا۔
ایک اننگز میں سب سے زیادہ 28 چھکے لگانے کا نیا ریکارڈ
ویبھو سوریاونشی نے اننگز کی پہلی ہی گیندوں سے متحدہ عرب امارات کے بولرز کے خلاف جارحانہ انداز اپنایا اور پہلے اوور میں لگاتار تین چھکے جڑ دیے۔ انہوں نے محض 16 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے اپنی ففٹی مکمل کرلی۔
بھارتی بلے باز نے ساتویں اوور میں سنچری کا سنگ میل عبور کیا، جس کے بعد بھی ان کے چھکے اور چوکے لگانے کا سلسلہ جاری رہا۔ اس کارکردگی کے ساتھ وہ لسٹ اے کرکٹ کی ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکے لگانے والے بیٹر بھی بن گئے۔



