Tuesday, November 24, 2026
پہلا صفحہخبریںچہل قدمی کے دوران اسرائیلی ڈرون حملے میں حماس رہنما شہید

چہل قدمی کے دوران اسرائیلی ڈرون حملے میں حماس رہنما شہید

غزہ میں امریکا کی ثالثی سے طے پانے والی جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی حملے بدستور جاری ہیں، جن میں حماس کے رہنماؤں سمیت متعدد فلسطینیوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق حماس کے 50 سالہ رہنما نعیم ابو نہل کو غزہ کی پٹی میں اس وقت ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا جب وہ اپنے دفتر کے قریب سڑک پر پیدل جا رہے تھے۔

حملے کے نتیجے میں نعیم ابو نہل شہید ہوگئے، جو حماس کے داخلی سلامتی کے ادارے میں ڈائریکٹر جنرل کے عہدے پر فائز تھے۔ واقعے میں کئی دیگر افراد بھی زخمی ہوئے، جنہیں الشفا اسپتال منتقل کردیا گیا۔

حماس کے ذرائع نے بھی نعیم ابو نہل کی شہادت کی تصدیق کردی ہے۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج اور داخلی خفیہ ادارے شن بیت نے ایک مشترکہ بیان میں دعویٰ کیا کہ انہوں نے غزہ میں حماس کے ایک اہم رکن کو نشانہ بنایا ہے، تاہم ابتدائی بیان میں اس شخص کا نام ظاہر نہیں کیا گیا۔

ادھر منگل کے روز غزہ کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں کم از کم چھ مزید فلسطینی شہید ہوگئے۔

اس سے قبل خان یونس میں پولیس چوکی کے قریب تین فلسطینیوں کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ نتساریم راہداری کے نزدیک ہونے والے ایک اور حملے میں مزید تین فلسطینی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

الجزیرہ کے مطابق ایک اور حملے میں گدھا گاڑی پر سوار فلسطینیوں کو نشانہ بنایا گیا، جن میں ایک بچہ بھی شامل تھا۔

رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق منگل کے روز مختلف حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی مجموعی تعداد کم از کم سات ہوگئی۔

واضح رہے کہ غزہ میں اکتوبر 2025 میں جنگ بندی کا معاہدہ طے پانے کے باوجود اسرائیلی حملوں کا سلسلہ تھم نہیں سکا اور جنگ بندی کے بعد بھی فلسطینیوں کی ہلاکتیں جاری ہیں۔

نیوز ڈیسک

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

متعلقہ پوسٹس
- Advertisment -

مقبول ترین

ریسینٹ کمنٹس