Monday, November 23, 2026
پہلا صفحہبزنسسرکاری قرضوں کے بہتر انتظام کے لیے انتظامی نظام کو مستحکم بنانے...

سرکاری قرضوں کے بہتر انتظام کے لیے انتظامی نظام کو مستحکم بنانے کا فیصلہ

حکومت نے سرکاری قرضوں کے بہتر انتظام کے لیے انتظامی نظام کو مزید مستحکم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ آئی ایم ایف کی شرائط کے تحت دو اہم عہدوں پر تقرری کے لیے امیدواروں سے درخواستیں طلب کرلی گئی ہیں۔ گزشتہ سال حکومت نے مالی خسارہ پورا کرنے کے لیے تقریباً 6 ہزار ارب روپے کا قرض حاصل کیا تھا۔

مالی خسارے کے لیے قرضوں پر بڑھتے ہوئے انحصار، بروقت ادائیگیوں کو یقینی بنانے اور مقامی و بیرونی قرضوں کے درمیان توازن برقرار رکھنے جیسے چیلنجز کے باعث حکومت نے قرضوں کے انتظامی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے لیے نئی بھرتیوں کا فیصلہ کیا ہے۔

آئی ایم ایف کی شرائط کے مطابق ڈیبٹ منیجمنٹ آفس میں ڈائریکٹر آپریشنز اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر اسٹریٹیجی اینڈ آپریشنز کی آسامیوں کے لیے درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔ ان دونوں عہدوں پر درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 5 دسمبر مقرر کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ مرکزی ڈائریکٹوریٹ نیشنل سیونگز میں ڈائریکٹر جنرل کی خالی آسامی پر بھی بھرتی کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔

حکومت نے مقامی اور بیرونی ذرائع سے مجموعی طور پر 5 ہزار 967 ارب روپے کی خالص فنانسنگ حاصل کی۔ بجٹ خسارے کا 75 فیصد حصہ مقامی جبکہ 25 فیصد بیرونی ذرائع سے پورا کیا گیا۔ بیرونی ذرائع سے حاصل ہونے والی خالص فنانسنگ تقریباً دوگنی ہوکر ایک ہزار 177 ارب روپے تک پہنچ گئی۔

بیرونی قرضوں کے ذریعے حاصل ہونے والی رقم 2 ہزار 882 ارب روپے سے بڑھ کر 3 ہزار 805 ارب روپے ہوگئی، جبکہ اسی عرصے کے دوران 2 ہزار 627 ارب روپے کے بیرونی قرضوں کی ادائیگی بھی کی گئی۔ دوسری جانب مقامی قرضوں کا حجم 31 ہزار 320 ارب روپے سے بڑھ کر 33 ہزار 43 ارب روپے تک جا پہنچا۔

مقامی ذرائع سے مجموعی قرضوں کے حصول میں ایک سال کے دوران ساڑھے 5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ حکومت نے 28 ہزار 264 ارب روپے کے مقامی قرضے واپس کیے۔

نیوز ڈیسک

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

متعلقہ پوسٹس
- Advertisment -

مقبول ترین

ریسینٹ کمنٹس