چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے اعلان کیا ہے کہ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 12ویں ایڈیشن کے مقابلے پشاور میں بھی منعقد ہوں گے، جبکہ ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ بھی اسی شہر میں کھیلا جائے گا۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پشاور کے شائقین طویل عرصے سے اس موقع کے منتظر تھے۔ پی ایس ایل کو پشاور میں منعقد کرنے کا مقصد پاکستان کرکٹ کے لیے اس شہر کی خدمات کو سراہنا ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ پشاور کے عوام لیگ کا استقبال اپنے روایتی جوش و جذبے کے ساتھ کریں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹرائی سیریز اور پی ایس ایل کے مقابلوں کے بعد پشاور میں بین الاقوامی کرکٹ میچز بھی منعقد کیے جائیں گے۔
چیئرمین پی سی بی نے بتایا کہ گزشتہ سال بھی پشاور میں میچز کرانے کی بھرپور کوشش کی گئی تھی، تاہم اس میں کامیابی نہیں مل سکی۔ ان کے مطابق اس اقدام سے صوبے کے نوجوانوں کو کھیلوں کے مزید مواقع میسر آئیں گے۔ خیبرپختونخوا میں کرکٹ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور قومی ٹیم میں بھی اس صوبے کے کھلاڑیوں کی نمایاں تعداد شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کا ہر تیسرا کھلاڑی خیبرپختونخوا سے تعلق رکھتا ہے، اس لیے صوبے میں کرکٹ کو فروغ دینا ضروری ہے تاکہ مزید باصلاحیت کھلاڑی سامنے آسکیں۔
اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ سابق حکومت نے پشاور کے ارباب نیاز اسٹیڈیم کا نام تبدیل کردیا تھا، جسے دوبارہ اس کے اصل نام سے بحال کیا جائے گا۔ انہوں نے سابق حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ 13 سال کے عرصے میں ایک گراؤنڈ بھی تعمیر نہیں کرسکی۔



