چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے خبردار کیا ہے کہ اگر زبردستی سندھ کو تقسیم کرنے کی کوشش کی گئی تو کراچی کی سڑکوں پر بہنے والے خون کا جواب دینا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے کی جبری تقسیم کی صورت میں عام لوگ ہتھیار اٹھانے پر مجبور ہوں گے اور صورتحال دشمنی تک پہنچ سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نظام خود بخود تباہ نہیں ہوا بلکہ اسے تباہ کروایا گیا ہے، اور اگر نظام میں خرابی پیدا ہوئی ہے تو اس کا حل سیاسی ری سیٹ میں موجود ہے۔
کراچی پریس کلب میں میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ موجودہ نظام مکمل طور پر ناکام ہوچکا ہے، تاہم اس کی وجوہات پر کوئی بات نہیں کر رہا۔ ان کے مطابق نظام کو دوبارہ ترتیب دینا ضروری ہے تاکہ ہر شخص کو اس کا جائز حق مل سکے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ نظام کے کولیپس ہونے میں وہ خود بھی ذمہ دار ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ملک کو غیر سیاسی نہیں بلکہ سیاسی ری سیٹ کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر نظام میں سیاسی اصلاحات لانی ہیں تو اس عمل کا آغاز پارلیمان سے ہونا چاہیے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ اپوزیشن کو پارلیمان پر بالکل اعتماد نہیں رہا اور اس اعتماد کی بحالی حکومت کی ذمہ داری ہے۔
بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ سیاسی قیدیوں کی رہائی ضروری ہے
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ سیاسی قیدیوں کو رہا کرنا ہوگا، اگر آج ایسا نہیں ہوتا تو کل یہ فیصلہ کرنا پڑے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے پاس جا کر مذاکرات کیے جائیں اور اگر وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون کے لیے آمادہ ہو تو گورنر راج ختم کیا جا سکتا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو سیاسی قیدی سمجھتے ہیں۔ ان کا سوال تھا کہ جو بھی وزیراعظم بنتا ہے، اسے جیل جانا پڑتا ہے، تو کیا یہ تسلیم کر لیا جائے کہ تمام وزرائے اعظم چور تھے یا پھر یہ سیاسی انتقام ہے؟ انہوں نے کہا کہ وہ ایسا وقت دیکھنا چاہتے ہیں جب کوئی شخص وزیراعظم بننے کے بعد جیل نہ جائے۔
بلاول کا فضل الرحمان سے متعلق بیان، پی ڈی ایم کے کردار کے بغیر آپ اقتدار میں نہ ہوتے
بلاول بھٹو نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کا فرض ہے کہ وہ حکومت پر تنقید کریں، جبکہ حکومت کو چاہیے کہ ان کا اعتماد دوبارہ حاصل کرنے کے لیے اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے پی ڈی ایم میں جو کردار ادا کیا، اس کے بغیر آپ آج اقتدار میں نہ ہوتے۔ بلاول بھٹو کے مطابق حکومت پر تنقید کرنا اپوزیشن کا بنیادی حق اور ذمہ داری ہے، اس لیے انتقامی کارروائیوں کا سلسلہ ختم کیا جانا چاہیے۔
بلاول بھٹو کا الزام، 27ویں ترمیم زبردستی اکثریت حاصل کرکے منظور کرائی گئی
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ اپوزیشن سے مخصوص نشستیں چھین کر دو آئینی ترامیم منظور کرائی گئیں اور اب تیسری ترمیم لانے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مکمل اتفاق رائے نہ ہونے کے باوجود باہمی رضامندی سے 26ویں ترمیم منظور کی گئی تھی، لیکن 27ویں ترمیم اتفاق رائے یا باہمی مشاورت کے بجائے جبری اکثریت کے ذریعے منظور کرائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ 27ویں ترمیم کی منظوری کے بعد سینئر ججز کے استعفے اس بات کا ثبوت ہیں کہ عدلیہ کا اعتماد ختم ہوچکا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ سب سے پہلے عوام کا اداروں پر اعتماد بحال کرنا ضروری ہے۔ ہر ادارے نے عوام کا جو اعتماد کھویا ہے، اسے دوبارہ حاصل کرنے کے لیے اقدامات کیے جانے چاہئیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ میڈیا کے ساتھ پارلیمان بھی ملک کا ایک اہم ترین ادارہ ہے۔ پارلیمان پاکستان کا طاقت ور ادارہ ہے، جہاں اختلاف رائے کی گنجائش ہونی چاہیے۔ ان کے مطابق پارلیمان میں ہر معاملے پر اختلاف رائے کیا جا سکتا ہے، تاہم اصل مسئلہ یہ ہے کہ اپوزیشن کو پارلیمان پر اعتماد نہیں رہا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمان پر اعتماد بحال کرنے کی سب سے بڑی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوتی ہے۔
بلاول کا مطالبہ، وزیراعظم کو اپنے وزرا پر مکمل کنٹرول حاصل ہونا چاہیے
بلاول بھٹو نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ عدالتی نظام ڈیمز کی تعمیر کے لیے میدان میں نہ آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر بیماری ایک ہو اور اس کا علاج کسی دوسرے مرض کا بتایا جائے تو یہ کیسے ممکن ہے؟ ان کے مطابق اس معاملے پر زبردستی بحث مسلط کی جا رہی ہے، جبکہ پارلیمان تو درکنار، کابینہ میں بھی اس حوالے سے کوئی گفتگو نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے شہباز شریف کو وزیراعظم منتخب کیا اور وہ چاہتے ہیں کہ شہباز شریف کامیاب ہوں۔ وزیراعظم کے پاس اتنے اختیارات ہونے چاہئیں کہ وہ اپنے وزرا کو قابو میں رکھ سکیں۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ خفیہ راستوں سے کیے جانے والے ایسے اقدامات مستقل نہیں ہوتے۔ نہ وزیراعظم نے اور نہ ہی کابینہ نے صوبوں سے متعلق کوئی بات کی ہے۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ شاید ملکی تاریخ میں میڈیا آج جتنا کمزور ہے، پہلے کبھی نہیں رہا۔ اگر صحافی اس خوف میں مبتلا ہوں کہ سچ بولنے پر ان کے خلاف کارروائی ہوسکتی ہے تو وہ آزادانہ طور پر کام کیسے کریں گے؟ ان کے مطابق صحافیوں کو وہ اختیار اور طاقت ملنی چاہیے جو ان کا حق ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپنی زندگی میں انہوں نے کبھی اتنے خراب معاشی حالات نہیں دیکھے۔ مہنگائی جس رفتار سے بڑھ رہی ہے، اس میں عام آدمی کے لیے گزارا کرنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ انہیں تشویش ہے کہ ایسے حالات میں غریب اور محروم طبقے کا کیا بنے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی سیاستدان عوامی مسائل سے توجہ ہٹا چکے ہیں اور نفرت و تقسیم کی سیاست میں مصروف ہیں، جبکہ عوام کی مشکلات کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ بلاول بھٹو نے کرپشن کو پاکستان کا بنیادی مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسے ختم کرنے میں کسی کی سنجیدہ دلچسپی دکھائی نہیں دیتی۔
ان کے مطابق جب تک الیکشن کمیشن پر اعتماد بحال نہیں ہوگا، انتخابات پر بھی بھروسا ممکن نہیں۔ انہوں نے ایک بار پھر کہا کہ کرپشن ملک کا اہم مسئلہ ہے، لیکن اس کے تدارک کے لیے کوئی مؤثر توجہ نہیں دی جا رہی۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بدعنوانی کا سب سے آسان راستہ ریاست کے ساتھ مل بیٹھنا ہے، کیونکہ ایسا کرنے کے بعد آپ کچھ بھی کریں، کوئی پوچھنے والا نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ آج وہ تنقید کر رہے ہیں، لیکن خدشہ ہے کہ کہیں انہیں بدعنوان یا ملک دشمن قرار نہ دے دیا جائے۔
بلاول کا انتباہ، زبردستی کی گئی تو سندھ میں خونی تصادم ہوسکتا ہے
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی ملک میں نئے صوبوں کے قیام کی حامی ہے، تاہم یہ عمل عوامی خواہشات اور آئین و قانون کے مطابق ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر طاقت کے زور پر سندھ کو تقسیم کرنے کی کوشش کی گئی تو کراچی کی سڑکوں پر بہنے والے خون کا جواب دینا ہوگا۔ زبردستی صوبے کی تقسیم سے معاشرے میں خلیج پیدا ہوگی جو آگے چل کر دشمنی میں تبدیل ہوسکتی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ عام لوگ ہتھیار اٹھانے پر مجبور ہوجائیں گے اور یہ خونریزی کسی ایک واقعے تک محدود نہیں رہے گی۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ایسی کوششوں کے نتیجے میں سندھ میں بھائی اپنے ہی بھائی کو قتل کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ خون خرابہ نہیں دیکھنا چاہتے اور عوامی حمایت سے قائم ہونے والے صوبے کے ساتھ کھڑے ہیں۔
ریفرنڈم سے متعلق بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ اصل اہمیت نیت کی ہوتی ہے، محض ریفرنڈم کی بات کافی نہیں۔ ان کے مطابق پاکستان کی تاریخ میں غیر جمہوری مقاصد کے لیے بھی ریفرنڈم کا انعقاد کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے بنانے کا طریقہ کار آئین میں واضح طور پر موجود ہے، اس لیے ایسی تجویز پیش کرنا بھی غیر آئینی راستہ تلاش کرنے کے مترادف ہے۔
بلاول کا بیان، محسن بھائی کے اقدامات کا مقصد سمجھ نہیں آ رہا
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ انہیں معلوم نہیں کہ محسن بھائی آخر کیا کرنا چاہتے ہیں۔ ان کے مطابق صوبوں کے قیام کے معاملے پر ان سے کوئی مشاورت نہیں کی گئی۔ اگر نئے صوبے بنانا مقصود ہے تو اس کے لیے آئینی، جمہوری اور قانونی طریقہ کار اختیار نہیں کیا گیا۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ صوبوں کو ان کے حصے کے مالی وسائل فراہم نہیں کیے جا رہے۔ ایک طرف صوبوں کے وسائل پر ڈاکا ڈالا جاتا ہے اور دوسری جانب ان سے سوال کیا جاتا ہے کہ صحت کا نظام کمزور کیوں ہے اور سڑکیں ٹوٹی ہوئی کیوں ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس صورتحال کی ذمہ داری صوبائی حکومتوں پر نہیں بلکہ وفاقی حکومت پر عائد ہوتی ہے، کیونکہ عوام کا پیسہ ان پر خرچ نہیں کیا جا رہا۔ ان کے مطابق پیٹرولیم لیوی میں صوبوں کا حصہ تقریباً 1.7 ٹریلین روپے بنتا ہے، لیکن یہ رقم انہیں ادا نہیں کی جا رہی۔
بلاول کا کہنا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام کی تجاویز دینے والے بعض افراد کبھی الیکشن نہیں جیتے
انہوں نے کہا کہ ماضی میں کراچی کو دارالحکومت بنانے کا فیصلہ بھی طاقت کے زور پر کیا گیا تھا، تاہم ون یونٹ کے نفاذ کے باوجود سندھ کے عوام نے اپنی مزاحمت اور جدوجہد جاری رکھی۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ وہ ایسا فیصلہ کرنا چاہتے ہیں جس کا دفاع وہ مستقبل میں بھی عوام کے سامنے کرسکیں اور اس کے بعد انتخابات میں حصہ لینے میں کوئی ہچکچاہٹ نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام کی تجاویز پیش کرنے والے بعض افراد کبھی انتخابی کامیابی حاصل نہیں کرسکے، کیونکہ ان کے سیاسی مستقبل کا دارومدار عوامی ووٹ پر نہیں ہے۔ بلاول بھٹو نے نشاندہی کی کہ جن علاقوں میں عوام خود نئے صوبوں کے قیام کا مطالبہ کر رہے ہیں، وہاں کسی وفاقی وزیر کی توجہ نہیں دی جا رہی۔



