پاکستانی اداکارہ اور فلم اسٹار لیلیٰ نے اداکار احسن خان کے ساتھ اپنے ماضی کے تعلقات اور شادی کے ارادوں سے متعلق کئی اہم باتیں شیئر کی ہیں۔
اداکارہ نے حال ہی میں میزبان و اداکارہ متھیرا کے شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی نجی زندگی پر کھل کر گفتگو کی۔ اس موقع پر لیلیٰ نے دوبارہ بتایا کہ انہیں احسن خان سے محبت تھی، تاہم دونوں کا تعلق اس وقت ختم ہوگیا تھا جب ان کی عمریں محض 17 برس تھیں۔
لیلیٰ کے مطابق وہ آج بھی احسن خان کا تذکرہ کرتی ہیں کیونکہ وہ ایک مثبت سوچ کے حامل انسان ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جب وہ زندگی کے انتہائی مشکل حالات سے گزر رہی تھیں اور سب کچھ کھو چکی تھیں تو احسن خان نے انہیں فون کیا، جبکہ ان کے اپنے دوستوں نے بھی ان سے رابطہ منقطع کرلیا تھا۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ زندگی میں پیش آنے والے مختلف سانحات کی وجہ سے انہیں شادی کے بارے میں سوچنے کا موقع نہیں مل سکا۔ وہ ایسے جیون ساتھی کی خواہش مند ہیں جو ان کے حالات اور ماضی کے تجربات کو سمجھ سکے۔



