آبنائے ہرمز کے ذریعے مشرق وسطیٰ سے تیل کی ترسیل میں بہتری اور امریکی اقدامات کے باعث عالمی سپلائی بڑھنے کی توقعات کے تحت پیر کو بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی دیکھنے میں آئی۔
برطانوی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق عالمی منڈی میں برینٹ کروڈ کی قیمت 47 سینٹ یعنی 0.49 فیصد کم ہوکر 95.37 ڈالر فی بیرل رہ گئی، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل کے نرخ 23 سینٹ یا 0.26 فیصد کمی کے بعد 88.33 ڈالر فی بیرل پر آگئے۔
گزشتہ ہفتے بھی جنگی حالات کے باعث عالمی معیار کے خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں گراوٹ ریکارڈ کی گئی تھی۔ اس دوران برینٹ اور ڈبلیو ٹی آئی کے نرخ بالترتیب 16 اور 13 فیصد تک کم ہوئے تھے۔
مارکیٹ کے تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جاری جنگ کو نو ماہ گزر چکے ہیں اور تیل کی قیمتوں میں حالیہ کمی ظاہر کرتی ہے کہ سرمایہ کار خطے میں جغرافیائی سیاسی کشیدگی کم ہونے کے ممکنہ آثار کو مدنظر رکھ رہے ہیں۔
بین الاقوامی توانائی ایجنسی (آئی ای اے) نے جمعہ کو جاری کردہ اپنی رپورٹ میں بتایا تھا کہ بحری جہازوں پر حملوں کے باوجود مشرق وسطیٰ سے تیل کی برآمدات میں بحالی کی رفتار عالمی طلب کے مقابلے میں زیادہ ہے۔ اس رجحان کے نتیجے میں رواں سال کی آخری سہ ماہی کے دوران عالمی تیل مارکیٹ میں دوبارہ اضافی رسد پیدا ہونے کا امکان ہے۔
کے سی ایم ٹریڈ کے چیف تجزیہ کار ٹم واٹرار کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان تنازع شروع ہونے کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ تاجر مسلسل قلت کے بجائے مارکیٹ میں اضافی تیل کی دستیابی کے امکان کو اہمیت دے رہے ہیں، جس سے مجموعی طور پر قیمتوں پر دباؤ کم ہوا ہے۔
رپورٹ میں اندازہ لگایا گیا ہے کہ چوتھی سہ ماہی میں عالمی سطح پر تیل کی اوسط یومیہ سپلائی 105 ملین بیرل تک پہنچ جائے گی، جو متوقع طلب سے 17 لاکھ بیرل یومیہ زیادہ ہوگی۔ اس سے پہلے آئی ای اے نے اسی عرصے میں تیل کی قلت کا امکان ظاہر کیا تھا، تاہم اب اس کی پیش گوئی تبدیل ہوگئی ہے۔
ایجنسی نے مارچ میں رکن ممالک کے ہنگامی ذخائر سے تیل کے ریکارڈ اجرا کے حوالے سے نئی تفصیلات بھی جاری کی ہیں۔ اس کے مطابق فروری کے اختتام تک 71 ملین بیرل تیل فراہم کیا جائے گا، جس میں مارکیٹ میں رسد کی کمی دور کرنے کے لیے 15 ملین بیرل ڈیزل بھی شامل ہوگا۔
تیل کی قیمتوں میں کمی کا ایک اور سبب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے شپنگ قوانین میں دی گئی رعایت کو مزید 90 دن تک بڑھانے کا فیصلہ ہے۔ اس اقدام کے تحت غیر ملکی پرچم بردار جہازوں کو امریکی بندرگاہوں کے درمیان خام تیل، گیسولین اور ڈیزل کی ترسیل کی اجازت میں سہولت حاصل رہے گی۔
وائٹ ہاؤس کے ایک عہدیدار نے جمعہ کو بتایا تھا کہ جونز ایکٹ کے تحت دی گئی چھوٹ میں توسیع سے امریکی بندرگاہوں کے درمیان سامان منتقل کرنے والے ٹینکروں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں مقامی مارکیٹ میں ایندھن کی فراہمی بہتر ہوئی ہے۔
دوسری جانب تجزیہ کاروں کے مطابق اگرچہ تیل کی رسد کی صورتحال میں بہتری آئی ہے، تاہم سمندری نقل و حمل کے اخراجات یا فریٹ ریٹس اب بھی بلند ہیں، جس کے باعث قیمتوں میں مزید نمایاں کمی محدود ہو رہی ہے۔
ان کے مطابق آبنائے ہرمز سے خام تیل لے جانے والے بحری جہازوں کو لاحق خطرات اور جہازوں کی بڑی تعداد کے پھنس جانے کی صورتحال نے فریٹ ریٹس کو بدستور بلند رکھا ہوا ہے۔



