بنگلہ دیشی مووی طوفان، جو کہ حالیہ عیدالاضحی پر بنگلہ دیش سمیت دنیا کے کئی ممالک میں ریلیز ہوکر طوفان مچاچکی ہے۔ یکم نومبر سے یہ فلم اردو ڈب ورژن میں پاکستانی سنیماگھروں کی زینت بھی بن چکی ہے تاہم فلم کا بزنس توقعات کے مطابق نہیں ہوا۔




طوفان، کے پاکستان میں کمزور بزنس کی وجہ فلم کی پروموشن ہے جو کہیں دکھائی نہیں دیتی۔ حالانکہ یہ سقوط ڈھاکہ کے بعد دوسری بنگلہ مووی ہے جو پاکستان میں ریلیز کی گئی ہے تاہم اس کی بھرپور تشہیر نہیں کی گئی۔ طوفان سے قبل ایک ہارر بنگلہ دیشی مووی جن، چند ماہ قبل پاکستان میں ریلیز کی گئی تھی جو خاطر خواہ بزنس نہ کرسکی۔ حالانکہ جن، بھی بنگلہ دیش میں کامیابی کے جھنڈے گاڑ چکی ہے۔جس کا سیکوئل بھی بن چکا ہے۔

طوفان ، ایک گینگسٹر کی کہانی ہے جو کہ 90ز کے بنگلہ دیش کے تناظر میں ہے۔ فلم کا ایکشن دیکھنے سے تعلق رکھتا ہے اور فلم کا ٹریلردیکھ کر گمان ہوتا ہے کہ یہ کسی ساؤتھ انڈین فلم کا ٹریلر ہے ۔
طوفان، بنگلہ دیشی فلم انڈسٹری کے لیے وہی حیثیت حاصل کرچکی ہے جو پاکستان میںدی لیجنڈ آف مولا جٹ، کو حاصل ہے۔ یہ فلم بنگلہ دیش میں 17جون 2024کو ریلیز ہوئی اور بلاک بسٹر ثابت ہوئی۔ طوفان ، کا ورلڈ وائڈ باکس آفس 47لاکھ ڈالرز ہوچکا ہے۔ تاہم اس میں پاکستانی باکس آفس کا کنٹری بیوشن چند ہزار ڈالرز بھی نہیں ہے۔
طوفان، نے پاکستان میں اپنے پہلے ویک اینڈ کے اختتام تک تین دنوں میں محض 28لاکھ کا بزنس کیا ہے۔
فلم کی کمزور پبلسٹی اور مارکیٹنگ کو دیکھتے ہوئے سنیماز نے اس فلم کو مناسب شوز بھی نہیں دیے ، جس کا نتیجہ فلم کے فرسٹ ویک اینڈ کے کمزور کلیکشنز کی صورت میں سامنے ہے۔