حسینہ معین ہمارے ملک کا بہت بڑا نام، جن کے لکھے ہوئے ڈرامے آج بھی ماضی کی طرح مقبول ہیں۔ ٹی وہ اور فلم کی اس عظیم مصنفہ کے نام سے موسوم حسینہ معین میموریل شارٹ فلم کمپی ٹیشن کے انعقاد کا مقصد جہاں ایک طرف ڈرامہ انڈسٹری کی مقبول ترین رائٹر کو خراج تحسین پیش کرنا ہے، وہیں اس پلیٹ فارم سے نئے فلم میکرز کو خود کو منوانے کا موقع دینا ہے۔ ان خیالات کا اظہار حسینہ معین مرحومہ کے نام سے منسوب ثقافتی تنظیم کی روح رواں خدیجہ محمود نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حسینہ معین میموریل شارٹ فلم کمپی ٹیشن کا بنیادی مقصد نوجوان فلم میکرز کو ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے جہاں نئے لکھاری، اداکار، ڈائریکٹر اور ابھرتے ہوئے فلم سازوں کو اپنا ٹیلنٹ دکھانے کا موقع مل سکے۔ اس سلسلے میں ان کی مختلف او ٹی ٹی پلیٹ فارمز اور یوٹیوب چینلز سے بات چیت ہوئی ہے جو اچھا کانٹینٹ خریدنے اور اسے اسٹریم کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ خدیجہ محمود نے اس سلسلے میں اپنا یوٹیوب چینل بھی نگار خانہ، کے نام سے شروع کیا ہے، جہاں یہ کانٹینٹ اپلوڈ کیا جائے گا۔ حسینہ معین میموریل کے آفیشل فیس بک پیج پر اس کمپیٹیشن کے حوالے سے مذید تفصیلات موجود ہیں۔ گزشتہ دس سال سے فعال اس پیج پر حسینہ معین کے ڈراموں کے علاوہ آرٹ اور ادب سے متعلق مواد اپڈیٹ کیا جاتا ہے ۔اس پیج کے تقریباً 3 لاکھ فالورز ہیں۔