Wednesday, November 11, 2026
پہلا صفحہخبریںپاکستان پوسٹ آفس میں مبینہ بے ضابطگیاں، نیب نے اسعد محمود کو...

پاکستان پوسٹ آفس میں مبینہ بے ضابطگیاں، نیب نے اسعد محمود کو طلب کرلیا

قومی احتساب بیورو (نیب) نے پاکستان پوسٹ آفس میں مبینہ غیرقانونی بھرتیوں کی تحقیقات کے سلسلے میں جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے بیٹے اور سابق وفاقی وزیر مواصلات اسعد محمود کو طلب کرلیا ہے۔

نیب راولپنڈی کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹس میں بتایا گیا ہے کہ اسعد محمود کے وزارت کے دور میں 2022 اور 2023 کے دوران پاکستان پوسٹ آفس میں کی جانے والی بھرتیوں میں مبینہ بے ضابطگیوں کی چھان بین کی جارہی ہے۔

اس معاملے کی تحقیقات وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) بھی کررہا ہے، جہاں بھرتیوں کے دوران مبینہ بدعنوانی اور قواعد کی خلاف ورزیوں کا جائزہ لیا جارہا ہے۔

دستیاب دستاویزات کے مطابق اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے پاکستان پوسٹ آفس میں 3 ہزار 938 خالی آسامیوں پر تقرریوں کی منظوری دی تھی، لیکن مبینہ طور پر 4 ہزار 252 افراد کو ملازمتیں فراہم کی گئیں۔

نیب کے نوٹس میں مزید بتایا گیا ہے کہ 2 ہزار 646 ایسی آسامیوں پر بھی بھرتیاں کی گئیں جو پہلے ہی ختم کی جاچکی تھیں۔ تحقیقات کے مطابق ان تقرریوں کے دوران کابینہ کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کو نظرانداز کیا گیا۔

تجویز یہ تھی کہ ٹیسٹنگ ایجنسی کے ذریعے امیدواروں کو کنٹریکٹ کی بنیاد پر بھرتی کیا جائے، تاہم اس کے برعکس بڑی تعداد میں مستقل ملازمین تعینات کردیے گئے۔

تحقیقات میں یہ الزامات بھی شامل ہیں کہ مستقل بھرتیوں سے پاکستان پوسٹ آفس پر اضافی مالی اخراجات کا بوجھ پڑا، جبکہ بعض امیدواروں کو مبینہ طور پر سیاسی وابستگی کی بنیاد پر ملازمتیں دی گئیں۔

مزید برآں، جعلی اور بوگس دستاویزات کے استعمال، مقررہ عمر کی حد سے تجاوز کرنے والے امیدواروں کی تقرریوں اور ڈومیسائل کوٹے کی خلاف ورزیوں سے متعلق معاملات بھی زیر تفتیش ہیں۔

نیب نے اپنے نوٹس میں متنبہ کیا ہے کہ طلب کیے جانے کے باوجود پیش نہ ہونے پر قومی احتساب آرڈیننس 1999 کی دفعہ 31 کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جاسکتی ہے۔

دوسری جانب وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے مولانا فضل الرحمان کے مبینہ مالی معاون محمد اکرم خان پانیزئی کے خلاف بھی انکوائری کا آغاز کردیا ہے۔

ایف آئی اے کے کمرشل بینکنگ سرکل اسلام آباد نے انہیں پیش ہونے کے لیے متعدد نوٹسز جاری کیے ہیں۔

ادارے نے محمد اکرم خان پانیزئی کو 2 نومبر کو متعلقہ ریکارڈ اور شواہد سمیت طلب کیا تھا، تاہم پہلے جاری کیے گئے نوٹس کے بعد اب انہیں دوبارہ نوٹس بھیج کر بدھ کے روز انکوائری میں حاضر ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ محمد اکرم خان پانیزئی انکوائری کے دوران اپنا مؤقف پیش کریں اور اس سے متعلقہ دستاویزی و ڈیجیٹل شواہد بھی فراہم کریں۔ ایف آئی اے نے پیش نہ ہونے کی صورت میں قانونی کارروائی کیے جانے کا انتباہ بھی دیا ہے۔

نیوز ڈیسک

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

متعلقہ پوسٹس
- Advertisment -

مقبول ترین

ریسینٹ کمنٹس