بالی وڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کے مداحوں کے لیے ایک افسوسناک خبر سامنے آئی ہے۔
شاہ رخ خان کی سالگرہ، جو ہر سال 2 نومبر کو منائی جاتی ہے، ان کے مداحوں کے لیے کسی تہوار سے کم نہیں ہوتی۔ اس موقع پر بڑی تعداد میں مداح ممبئی میں واقع ان کی رہائش گاہ ‘منت’ کے باہر جمع ہوتے ہیں تاکہ اپنے پسندیدہ اداکار کی ایک جھلک دیکھ سکیں۔
اس کے علاوہ، گزشتہ دو برسوں کی روایت کے مطابق مداح ممبئی کے ‘بال گندھرو رنگ مندر‘ میں منعقد ہونے والی شاہ رخ خان کی خصوصی تقریب میں بھی شرکت کرتے ہیں۔ اس تقریب میں مداحوں کو اپنے سپر اسٹار کے ساتھ وقت گزارنے، ان سے سوالات کرنے اور ان کی گفتگو سننے کا موقع ملتا ہے، تاہم میڈیا کو اس ایونٹ میں شرکت کی اجازت نہیں دی جاتی۔
تاہم، اس مرتبہ 2 نومبر کو شاہ رخ خان کی 61ویں سالگرہ کے موقع پر ممکن ہے کہ ان کے مداح ان سرگرمیوں سے لطف اندوز نہ ہو سکیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہ رخ خان کی سالگرہ کے موقع پر ہر سال 2 نومبر کو ممبئی میں منعقد ہونے والی روایتی سالانہ ’میٹ اینڈ گریٹ‘ تقریب اس مرتبہ منسوخ کردی گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق شاہ رخ خان ان دنوں اپنی نئی فلم ‘کنگ’ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں اور سالگرہ کے دن بھی لندن میں موجود ہوں گے، جہاں اسی روز فلم کے ایک گانے کی عکس بندی طے ہے۔
سدھارتھ آنند کی ہدایت کاری میں تیار کی جانے والی فلم ‘کنگ’ میں شاہ رخ خان کے ساتھ دیپیکا پڈوکون، سہانا خان، ابھیشیک بچن اور انیل کپور سمیت کئی معروف اداکار اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔ فلم 24 دسمبر کو سینما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔



