spot_img
Sunday, July 26, 2026
spot_img
پہلا صفحہUncategorizedکویت پر نئے ایرانی حملے، تیل تنصیبات کو نقصان، ایئرپورٹس بند اور...

کویت پر نئے ایرانی حملے، تیل تنصیبات کو نقصان، ایئرپورٹس بند اور کئی افراد زخمی

ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے کویت اور بحرین میں موجود امریکی فوجی اڈوں پر بڑے پیمانے پر حملے کیے ہیں۔ ان حملوں میں ڈرونز اور میزائلوں کا استعمال کیا گیا۔

کویت میں کئی اہم شہری اور تجارتی مقامات کو نقصان پہنچا ہے۔ کویت کی فائر بریگیڈ نے بتایا ہے کہ ایرانی حملوں کے بعد دو مقامات پر آگ لگنے کے دوران ان کے کئی فائر فائٹرز اور ایک عام ورکر زخمی ہو گئے ہیں۔

کویت کا تیل کا شعبہ بھی بری طرح متاثر ہوا ہے۔ کویت پٹرولیم کارپوریشن نے بتایا ہے کہ تیل کے شعبے میں ایک اہم اور فعال سائٹ کو ایرانی حملوں کا نشانہ بنایا گیا ہے، جس کے نتیجے میں متعدد لوگ زخمی ہوئے ہیں اور بڑے پیمانے پر مادی نقصان ہوا ہے۔

وزارتِ بجلی، پانی اور قابلِ تجدید توانائی نے بتایا کہ ایرانی حملوں کے بعد بجلی اور پانی صاف کرنے والے ایک بڑے پلانٹ کے ایک حصے میں آگ لگ گئی۔

ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی ’تسنیم‘ کے مطابق، ایران نے بحرین میں قائم امریکی انٹیلی جنس ڈیٹا سینٹر کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جبکہ کویت میں امریکی سگنلز اور ٹیلی کمیونیکیشن سینٹر کو بھی ملبے کا ڈھیر بنا دیا گیا ہے۔

ایرانی فوج نے اپنے بیان میں کہا کہ عالمی تکبر کے جرائم کے جواب میں انہوں نے بحرین میں ایئربیس کے ہوائی جہاز کے ہینگر، پارکنگ لاٹ اور ایندھن کے ٹینکوں کو نشانہ بنایا ہے۔

ایران نے ان تمام ممالک کو سخت وارننگ دی ہے جو اپنے ہاں امریکی عسکری افواج کو پناہ دیے ہوئے ہیں۔ ایران نے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے ممالک اپنے شہریوں کے تحفظ کے لیے اپنے سول ڈیفنس یونٹس کو فوری فعال کریں۔

اس شدید ترین بمباری کے باعث سفری شعبہ بری طرح مفلوج ہو گیا ہے اور کویت انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر طیاروں کے اترنے اور اڑان بھرنے کا عمل عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔

کویت کی قومی ایئرلائن کویت ائیرویز نے مسافروں کو آگاہ کیا ہے کہ فضائی حدود کی بندش کی وجہ سے زیادہ تر پروازوں کے اوقات تبدیل کیے جا رہے ہیں۔

خلیجی ممالک اس وقت کثیر جہتی حکمتِ عملی اپنائے ہوئے ہیں۔ وہ ایک طرف تو اپنے شہریوں کو فضائی دفاعی نظام کے ذریعے محفوظ رکھنے کی یقین دہانیاں کرا رہے ہیں، اور دوسری طرف وہ عوام کو صرف سرکاری ذرائع سے معلومات لینے کا کہہ رہے ہیں تاکہ افواہوں سے بچا جا سکے۔

یہ ممالک ایک طرف ایران کے ان میزائل اور ڈرون حملوں کی شدید مذمت کر رہے ہیں، اور دوسری طرف سفارت کاری اور بات چیت کی اپیل بھی کر رہے ہیں۔

اردن کی مسلح افواج نے بھی ایک بیان جاری کیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ انہوں نے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اپنی فضائی حدود میں داخل ہونے والے چار ایرانی ڈرونز کو کامیابی سے مار گرایا ہے۔

نیوز ڈیسک

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

متعلقہ پوسٹس
- Advertisment -

مقبول ترین

ریسینٹ کمنٹس