نیشنل میڈیا کلب کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے ایرانی قونصلیٹ جنرل کراچی میں اہم ملاقات کی۔ وفد کی قیادت نیشنل میڈیا کلب کے جنرل سیکرٹری اور سینئر صحافی مظہر رضوی نے کی۔
وفد میں معروف اینکر، تجزیہ کار اور ایف ایم 96 سے وابستہ ڈاکٹر زیغم، محترم عمر اور ان کے صاحبزادے بھی شامل تھے۔ ملاقات کے دوران ایرانی قونصل جنرل اکبر عیسی زادے، وائس قونصل غلام عباس اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔

ملاقات کے دوران وفد نے ایران کے رہبر آیت اللہ علی خامنہ ای کے ایصالِ ثواب کے لیے دعا کی اور پاکستان کی عوام کی جانب سے افسوس اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر قونصل جنرل اکبر عیسی زادے نے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مشکل حالات میں پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے ایران کے لیے نیک خواہشات اور تعاون قابلِ قدر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس نازک وقت میں پاکستان نے جس طرح ایران کا ساتھ دیا، وہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران کو حالیہ حملوں کا سامنا کرنا پڑا، جن میں اسکولوں کو بھی نشانہ بنایا گیا اور متعدد معصوم جانیں ضائع ہوئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایرانی قوم ان حالات کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہی ہے اور اپنی خودمختاری کے دفاع کے لیے پرعزم ہے۔

قونصل جنرل نے اس بات پر زور دیا کہ مسلم ممالک کو متحد ہو کر درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنا ہوگا، بصورت دیگر خطے کو مزید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے مظہر رضوی اور ان کے وفد کا دورہ کرنے اور اظہارِ یکجہتی پر شکریہ ادا کیا۔



