
ڈرامہ انڈسٹری میں ڈائریکٹر برکت صدیقی کا نام کسی تعارف کا محتاج نہیں۔ ان کے کریڈٹ پر بے شمار کامیاب سیریلز ہیں جن میں مجھے خدا پر یقین ہے، سورج گرہن، بارش کے آنسو، قدرت، جب جب دل ملے، پیار کا پاگل پن، میرے خدا، میسوری، چین آئے نہ، عشق عبادت، بے بسی، قرار، محبت تجھے الوداع، حق مہر، اور معصوم، وغیرہ شامل ہیں۔

اپنی ہدایتکارانہ کامیابیوں سے ہٹ کربرکت صدیقی انڈسٹری میں نئے ٹیلنٹ کو فروغ دینے کے لیے بھی جانے جاتے ہیں۔ ان کے زیرنگرانی کام کرنے والے کئی اسسٹنٹ ڈائریکٹرز آج میڈیا انڈسٹری میں مصروف ہیں۔


ڈائریکٹر برکت صدیقی کی صلاحیتوں کا اعتراف وہ بے شمار ایوارڈز ہیں جو انہیں مختلف ڈراموں کی ڈائریکشن پر ملے۔حال ہی میں برکت صدیقی نے ایک اور اعزاز اپنے نام کیا اورپانچویں نیشنز لیڈر ایوارڈ 2025کی تقریب میں ڈرامہ سیریل حق مہر، کے لیے بیسٹ ڈائریکٹر کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی سینئر صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ تھے جن کے ہاتھوں برکت صدیقی کو اس اعزاز سے نوازہ گیا۔ ان دنوں برکت صدیقی کا ڈرامہ معصوم ، ہم ٹی وی سے آن ایئر ہے جو ناظرین کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ اس کی کاسٹ میں سونیا حسین اور عمران اشرف مرکزی کرداروں میں ہیں۔




