عام طور پر عید جیسے تہوار پر ریلیز ہونے والی فلموں کا اعلان کئی ماہ قبل کردیا جاتا ہے لیکن ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ اس عیدالاضحی پر ریلیز ہونے والی فلموں کے حوالے سے آڈیئنس کنفیوژن کا شکاررہے۔
عید سے ایک دن قبل تک بھی آڈیئنس کو عید ریلیزز کے بارے میں کنفرم نہیں تھا کہ عید پر کون کون سی فلمیں ریلیز ہورہی ہیں۔
فائنلی عید ریلیزز کا لائن اپ کنفرم ہوگیا ہے اور فلموں کی پروموشن بھی شروع کردی گئی ہے۔ عید کی بیشتر فلموں نے سینسرشپ کا مرحلہ بھی طے کرلیا ہے، جس کے بعد ہم یہ کہہ سکتے ہیں کہ یہ فلمیں عید پر نمائش کے لیے بالکل تیار ہیں۔
ڈائریکٹر اظفر جعفری کی فینٹیسی تھرلر عمروعیار ۔ آ نیو بگیننگ، دو گھنٹے پانچ منٹ دورانیے پر مشتمل فلم ہے جو کہ مشہور کامک کیریکٹر عمرو عیار پر مبنی ہے۔ اس فلم کی کاسٹ میں عثمان مختار، صنم سعید، ثنا، فاران طاہر، عدنان صدیقی، علی کاظمی، منظر صہبائی، دانیال راحیل، سیمی راحیل، اور اسامہ کرامت شامل ہیں۔ جبکہ حمزہ علی عباسی نے فلم میں گیسٹ اپیئرنس دی ہے۔
فلم کی کہانی ایک پروفیسر امرکے گرد گھومتی ہے جس کا شجرہ عمروعیار سے ملتا ہے۔ عیاروں کی ایک ان دیکھی فوج اپنے مسیحا کی منتظر ہے جو انہیں کہانی کے ولن لقا سے بچاسکے۔

یہ ایک بڑے بجٹ کی فلم ہے جس کے بارے میں پروڈیوسرزکا دعوا ہے کہ 70 کروڑ کی فلم ہے۔ فلم کے ویژول ایفیکٹس کی دھوم تو ٹریلر کی ریلیز کے بعد سے ہی مچی ہوئی ہے لیکن کیا یہ فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ، کے بزنس فگرز کو چھونے میں کامیاب ہوسکے گی؟ اس کا فیصلہ آنے والا وقت ہی کرے گا۔
عمروعیار، کے ڈائریکٹر اظفر جعفری اس سے قبل سیاہ، جانان، شیردل، ہیر مان جا، اور پرچی، جیسی فلمیں دے چکے ہیں۔
عید کی دوسری بڑی فلم ابھی، کی کاسٹ میں اسٹار سنگر گوہر ممتازاور کبریٰ خان لیڈ کررہے ہیں۔ دیگر ایکٹرز میں محمود اسلم، عثمان پیرزادہ، سلیم شیخ، حنا بیات ، شہزاد نواز، باطن فاروقی، عدنان شاہ ٹیپو، اور عرفان موتی والا شامل ہیں جبکہ حریم فاروق نے گیسٹ اپیئرنس دی ہے۔
فلم کے ڈائریکٹر اسد ملک ہیں۔
ابھی، ایک میوزیکل رومینٹک ڈرامہ ہے جس سے گلوکار گوہر ممتاز کا سلوراسکرین ڈیبیو ہونے جارہا ہے۔ فلم کی کہانی کشمیر سے تعلق رکھنے والے ایک اسٹرگلر سنگر حمزہ اور ایک منسٹر کی بیٹی زارا، کی محبت سے شروع ہوتی ہوئی ٹیررسٹ آرگنائزیشن کے نیٹ ورکس تک پھیلی دکھائی دیتی ہے۔ چونکہ فلم کے ہیرو گوہر خود بھی ایک سنگر ہیں تو ابھی، کا یونیک سیلنگ پوائنٹ، اس کے میوزک کو قرار دیا جاسکتا ہے۔

گوکہ اس فلم کی پروموشن ابھی تک کہیں دکھائی نہیں دی تاہم بڑے میڈیا ہاؤس کا بیک اپ فلم کے باکس آفس کے لیے کافی ہیلپ فل ثابت ہوسکتا ہے۔
اس فلم کا دورانیہ دو گھنٹے 15منٹ ہے۔
عید کی تیسری بڑی فلم نابالغ افراد، کے ڈائریکٹر نبیل قریشی ہیں۔
اس فلم کی کاسٹ میں اگرچہ نبیل کی روایت کے مطابق کوئی بڑا نام شامل نہیں تاہم اس فلم کو اس کے سبجیکٹ کی وجہ سے توجہ مل رہی ہے۔
نابالغ افراد، کی کہانی 90ز کے ایرا میں سیٹ ہے، جب وی سی آر کلچر ملک میں عام تھا۔ دو ٹین ایجرز بھائی اپنے کزن کے ساتھ مل کر کس طرح چھپ کر وی سی آر پر عریاں فلم دیکھنے کا منصوبہ بناتے ہیں اور پھر کس کس طرح بلیک میل ہوتے ہیں، یہ ٹریک اسکرین پلے کو مذید انٹرسٹنگ بناتا ہے۔

نابالغ افراد ، کی کاسٹ میں عاشر وجاہت، سمر جعفری، رمہا احمد، محمد احتشام الدین، سلیم معراج، عرفان موتی والا، اور مانی کے علاوہ فہد مصطفی بھی شامل ہیں جن کی سنگھم اسٹائل میں دبنگ انٹری فلم کے کلائمکس میں جان ڈال دیتی ہے۔ اس سے قبل نبیل قریشی کی فلم قائد اعظم زندہ باد، میں بھی فہد نے پولیس آفیسر کا رول پلے کیا تھا اور یہ انٹری اسی کردار کا تسلسل ہے۔
نابالغ افراد کا دورانیہ ایک گھنٹہ چالیس منٹ ہے۔
عید الاضحی پر ریلیز ہونے والی ان تین بڑی پاکستانی فلموں کے علاوہ ایک بی کلاس مووی بھیڑیا، ایک بولی وڈ ہندی مووی ایرا، تین پشتو اور ایک بی کلاس پنجابی فلم بھی ریلیز کی جارہی ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ عید پر اس قدر تعداد میں پاکستانی فلموں کی ریلیز کے باوجود ایک اور فلم منجو ماریہ، بھی اس دوڑ کا حصہ تھی لیکن اسلام آباد کے مرکزی سینسر بورڈ کی جانب سے فلم کے کانٹینٹ کو قابل اعتراض قرار دے کر اس کی نمائش پر پابندی عائد کردی گئی، جس کے نتیجے میں یہ فلم عید کی دوڑ سے باہر ہوگئی۔ فلم کی سینسر رپورٹ کے مطابق اگر منجو ماریہ، ریلیز ہوجاتی تو عید پر ریلیز ہونے والی بڑی فلموں کو ٹف ٹائم دے سکتی تھی۔

ان کے علاوہ ہالی وڈ کی تین فلمیں بیڈ بوائز۔رائڈ اور ڈائی، اے ایم پی ہاؤس میسیکر، اور ان سائیڈ آؤٹ 2، بھی عید کی دوڑ میں شامل ہیں۔ ان میں سے بیڈ بوائز، کو کامیاب فرنچائز ہونے کی وجہ سے عید کی بڑی فلم مانا جارہا ہے۔