اُدھر بھارت میں ہوئے حالیہ الیکشن میں مودی کی بھارتی جنتا پارٹی کو زبردست دھچکا لگا ہے تو ادھرپاکستان میں بھارت نواز ن لیگ کی اتحادی حکومت پہلے سے ہی سرحد پار دوستی میں دلچسپی رکھتی ہے۔ دونوں ملکوں کی جانب سے حالیہ دنوں میں اٹھائے گئے اقدامات سے لگتا ہے کہ پاک بھارت سردجنگ کی برف فی الحال پگھلنے لگی ہے۔
اس کا آغاز بھارتی فلموں کی پاکستانی سنیماؤں میں نمائش سے ہونے جارہا ہے۔
جی ہاں، کافی انتظار کے بعد بولی وڈ فلمز کو پاکستان میں نمائش کی اجازت مل گئی ہے اور اس سلسلے میں پہلی فلم عیدالاضحی کے موقع پر ریلیز کرنے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔

ایرا، کے ٹائٹل سے ریلیز ہونے والی بولی وڈ مووی پاکستان کے معروف ڈسٹری بیوشن ادارے ایوریڈی پکچرز کے بینر سے ریلیز کی جارہی ہے۔ ایوریڈی پکچرز کے روح رواں ستیش چند آنند نے کنفرم کیا ہے کہ ان کی فلم کو پاکستان کے تینوں فلم سینسرز بورڈ نے عام نمائش کا سرٹیفیکٹ جاری کردیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مستقبل قریب میں ان کا ادارہ مذید فلمیں بھی امپورٹ کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں ریلیز ہونے والی آخری بولی وڈ مووی گلی بوائے، تھی جس کے بعد پاک بھارت تعلقات میں زبردست کشیدگی دیکھی گئی۔ اس وجہ سے بھارتی پروڈیوسرز نے پاکستان میں بولی وڈ فلموں کی نمائش کرنے سے انکار کردیا تھا۔ چند ماہ قبل پاکستان میں انڈین پنجابی فلموں کو تونمائش کی اجازت مل گئی تاہم بولی وڈ ہندی فلموں پر پابندی برقرار رہی۔
ایرا، کے بعد امکان ہے کہ بولی وڈ کی بڑی فلمیں بھی پاکستان میں ریلیز ہونے لگیں گی، جس کا مطالبہ سنیما مالکان کی جانب سے کافی عرصے سے کیا جارہا تھا۔

ایرا، کے ڈائریکٹر سیم بھٹا چاریہ ہیں ۔ فلم کی کاسٹ میں روہیت رائے اور راجیش شرما جیسے معروف اداکار شامل ہیں۔
برٹش پروڈکشن ہاؤس کی پیش کش اس فلم کی تمام تر فلم بندی بھی یوکے میں کی گئی ہے۔
ایرا، ایک سائنس فکشن تھرلر ہے، جس کی کہانی آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی دنیا کے گرد گھومتی ہے۔ ہری سنگھ یعنی روہیت رائے ایک ایپلی کیشن لانچ کرنے جارہا ہے لیکن اس لانچنگ سے پہلے ہی اسے اغوا کرلیا جاتا ہے۔ اس کے بعد سسپنس، تھرل اور ایکشن کا سلسلہ شروع ہوتا ہے۔
ایرا، اس عید پر تین بڑی پاکستانی فلموں نابالغ افراد، ابھی، اور عمرو عیار، کو ٹف ٹائم ضرور دے سکتی ہے۔ تاہم یہ پاکستانی سنیما پر بولی وڈ فلمز کی پھر سے نمائش کی نئی شروعات ہے۔