افشاں قریشی کا شمار ٹی وی اور فلم کی منجھی ہوئی فن کاراؤں میں ہوتا ہے جنہوں نے اپنے منفی کرداروں کی وجہ سے بے پناہ مقبولیت اور شہرت حاصل کی۔ منی اسکرین پر وہ کئی قابل ذکر ڈراموں میں نظر آچکی ہیں جن میں بھیگی پلکیں، بابا جانی، شہر ملال، میں مہرو ہوں، امید، صلہ اور جنت، سمیت دیگر شامل ہیں۔ افشاں قریشی کے شوہر عابد قریشی بھی اداکار تھے اور دونوں نے ایک ساتھ فلم میںکام کرنے کے بعد شادی کرلی تھی۔
معروف اداکار فیصل قریشی، افشاں قریشی کے بیٹے ہیں۔ ان کے شوہر کا انتقال اس وقت ہوا جب فیصل بہت چھوٹا تھا۔ افشاں قریشی نے اپنے بیٹے کی پرورش اکیلی ماں کے طور پر کی۔ انہوں نے اپنے بیٹے کو ایک کامیاب اداکار بنانے کے لیے دن رات محنت کی لیکن افشاں قریشی کے حالیہ انٹرویو میں اپنے بیٹے فیصل قریشی کے بارے میں بیان نے عوام کو حیران کر دیاہے۔
افشاں قریشی نے مشہور یوٹیوب چینل میٹرو لائیو ٹی وی کو ایک انٹرویو میں اپنے اسٹار بیٹے فیصل قریشی کے بارے میں کھل کر کہا کہ میرا بیٹا آج میری دعاؤں کے بعد بڑا سٹار ہے، اگرچہ میں اپنی غلطی تسلیم کرتی ہوں کہ میں نے اس کے کیریئر کے حوالے سے دعا کی تھی لیکن میں نے اسے ایک اچھا انسان اور اچھا بیٹے بننے کی دعا نہیں دی۔
افشاں قریشی نے مذید کہا کہ میں لوگوں سے گزارش کرنا چاہوں گی کہ وہ اپنے والدین کی عزت کریں۔ اگر آپ ان کا احترام کریں گے تو آپ کو بہت کامیابی ملے گی۔ اپنے ماں باپ کا خیال رکھیں۔ ہم پاکستانی اور مسلمان ہیں، ہمارے یہاں مغربی روایات نہیں ہیں کہ والدین کو بوڑھا ہونے پر اولڈ ایج ہومز میں ڈال دیا جائے۔
ویڈیو کا لنک یہ ہے۔
اداکارہ افشاں قریشی نے کہا کہ میرے بیٹے نے خود کو بڑا اسٹار ثابت کیا ہے۔ مجھے یاد ہے، ایک دفعہ اداکار خالد بٹ صاحب عمرے پر جا رہے تھے، میں نے انہیں اپنے بیٹے کے لیے ایک دعا لکھ کر دی تھی، وہ دعا تھی، اے خدا‘ میرے بیٹے کو امیتابھ بچن سے بڑا اسٹار بنا دے۔
اس ویڈیو انٹرویو پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ملا جلا ردعمل سامنے آرہا ہے۔ کچھ لوگوں کو بیٹے کے لیے ان کی دنیاوی دعا پسند نہیں آئی۔ خاص طور پر سعودی عرب میں ایسی دعا بھیجنے کو مداحوں نے سراہا نہیں۔ مداحوں نے فیصل قریشی کو اپنی والدہ کا خیال رکھنے کا پیغام بھی دیا‘ اس سے پہلے کہ بہت دیر ہو جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ فیصل کے اسٹارڈم کا کوئی فائدہ نہیں اگر وہ اپنی ماں کا خیال نہیں رکھتے۔