پاکستانی سنیما اور فلم انڈسٹری میں شدید بحران کا اندازہ عیدالفطر پر ریلیز ہونے والی فلموں کی تعداد اور معیار سے لگایا جاسکتا ہے۔
اس عید الفطر پر فلمی شائقین صرف ایک اُردو فلم سے لطف اندوز ہوپائیں گے۔
دوسری جانب پاکستان کا ریجنل سنیما ڈومینیٹ کررہا ہے اور عیدالفطر پر چار پشتو جبکہ ایک پنجابی زبان کی فلمیں نمائش کے لیے پیش کی جارہی ہیں۔
کرونا کے دوران لاک ڈاؤن میں سنیماؤں کی بندش کے علاوہ پاکستان فلم انڈسٹری نے کبھی ایسی عید نہیں دیکھی جب اس قدر کم تعداد میں فلمیں ریلیز ہوئی ہوں۔
گزشتہ سال عیدالفطر پر چاراُردوفلمیں جبکہ ایک پنجابی فلم نمائش کے لیے پیش کی گئی تھیں جبکہ عیدلاضحی پر سات اردو، پنجابی فلموں کی نمائش کی گئی تھی۔

اس برس عیدالفطر پر صرف ایک اُردو فلم ’دغاباز دل‘ کی نمائش کنفرم ہے جبکہ ایک اور اُردو فلم ’ہم تم اور وہ‘بھی متوقع طور پر ریلیز ہوسکتی ہے۔ جس کی پروموشن کہیں دکھائی نہیں دیتی۔
عید الفطر پرایک پنجابی فلم بابل ویر، بھی سنیماؤں کی زینت بن رہی ہے۔تاہم یہ عیدپشتو فلم سازوں کے نام ہے اور پشتو فلمیں عید کی دوڑ میں اردو اور پنجابی فلموں سے تعداد کے اعتبار سے ضرور بازی لے گئی ہیں۔

عیدالفطر پر ریلیز ہونے والی پشتو فلموں میں بندیوان، یار دشمن، چرتہ خانے چرتہ فقیرے، اور پخاور زما دے، شامل ہیں، جو پشاور، سوات، راول پنڈی اور کراچی کے علاوہ دیگر شہروں میں ریلیز کی جارہی ہیں۔
پشتو فلموں کی ریکارڈ تعداد میں ریلیزنے فلم میکرز کوریجنل سنیما کی جانب متوجہ کردیا ہے اور ان فلموں کی پزیرائی سے فلم سازوں کے حوصلے مذید بلند ہوئے ہیں۔


واضح رہے کہ ماضی میں بھی پشتو فلموں کی سالانہ پروڈکشن خاطر خواہ رہی ہے اور ایک عرصے تک پشتو فلموں کی سالانہ ریلیز پنجابی فلموں سے بھی ذیادہ رہی ہے۔
اس عیدالفطر پر ریلیز ہونے والی پشتو فلم بندیوان، سندھ سرکٹ میں میٹرو لائیو موویز کے بینر تلے ریلیز کی جارہی ہے، جس میں پشتو فلم انڈسٹری کے تین بڑے ستون ارباز خان، شاہد خان اور جہانگیر خان ایک ساتھ کاسٹ کیے گئے ہیں۔
اس سال عید الفطرپر جہاں مقامی فلموں کی کمی محسوس ہورہی ہے، وہیں ہالی وڈ کی پانچ جبکہ انڈونیشیا کی دو فلمیں بھی نمائش کے لیے پیش کی جارہی ہیں۔
ہالی وڈ فلموں میں گاڈزیلا ورسز کانگ۔ دی نیو ایمپائر، گھوسٹ بسٹرز۔ فروزن ایمپائر، ایلجیا۔گاڈ آف پین، دی فرسٹ اومین، ونی دی پو۔ بلڈ اینڈ ہنی 2، شامل ہیں۔
انڈونیشین فلموں میں پیکیمن سیٹن (شیطان کا بندوبست)، اور پیماندی جنازہ (لاش کا غسل)، شامل ہیں۔