معروف ٹک ٹاکر اور اداکار عاشق احمد کا شمار ان فن کاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے انتہائی قلیل مدت میں فن کی بلندیوں کو چھوا اور شوبز انڈسٹری میں نمایاں مقام حاصل کیا۔ وہ ان چند گنے چنے اسٹارز میں شمار ہوتے ہیں جن کے ٹک ٹاک فالوورز کی تعداد 47 لاکھ سے ذیادہ ہے۔ جبکہ ان کی ویڈیوز کے لائیکس 106 ملین سے تجاوز کرچکے ہیں۔
ٹک ٹاک کے علاوہ دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ان کی مقبولیت کی وجہ سماجی مسائل پر ان کے ویڈیوز ہیں جنہیں عوام میں بے حد پزیرائی مل رہی ہے۔


عاشق احمد نے اپنا سفر ٹی وی ڈراموں سے شروع کیا۔ ہم ٹی وی سے ان کے متعدد ڈرامے آن ایئر ہوچکے ہیں، جن میں سب سے اہم سیریل اُڈاری، ہے۔ اس کے علاوہ جلتی ریت، اے آر وائی کا سیریل درد کا رشتہ، سمیت ان گنت ڈرامے ان کے کریڈٹ پر ہیں جو مختلف چینلز سے آن ایئر ہوئے۔ فلموں میں بھی انہیں اہم اور منفرد کردار نبھانے کا موقع ملا۔ ان کی پہلی فلم عاشر عظیم کی ڈائریکشن میں مالک، تھی۔ جس کے بعد نامعلوم افراد 2، لال کبوتر، دُرج، وی آئی پی، چوہدری، وغیرہ میں کام کیا۔



عاشق احمد ماڈل کی حیثیت سے بھی کافی کمرشلز کرچکے ہیں۔ ان کا سب سے مقبول کمرشل یو فون، کا کہا جاسکتا ہے۔ عاشق احمد نے ایک انٹرویو میں اس خواہش کا اظہار کیا ہے کہ وہ پنجابی اور پشتو فلموں میں کام کرنے کے خواہاں ہیں۔ ان کا ماننا ہے کہ بھارتی فلم انڈسٹری کی ترقی اور کامیابی میں ان کے ریجنل سنیما کا اہم کردار ہیں۔ ہمیں بھی اپنے ریجنل سنیما کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔ کوئی اچھی پنجابی یا پشتو فلم آفر ہوئی تو کرنے میں خوشی محسوس کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ ان دنوں بھی وہ متعدد ڈراموں اور فلمز کی شوٹنگز میں مصروف ہیں۔ زیرتکمیل فلم گیم آن ہے، میں اہم اور یادگار کردار نبھارہا ہوں۔