پاکستان کے 76 ویں یوم آزادی کے موقع پر مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات سرانجام دینے والی شخصیات کو سرکاری اعزازات سے نوازا گیا ہے۔ ان شخصیات میں ممتاز اداکار خالد بن شاہین کا نام بھی شامل ہے جنہیں فنون لطیفہ میں امتیازی کارکردگی پر تمغۂ امتیاز دیا گیا ہے۔
جشن آزادی کے پرمسرت موقع پر اس اعزاز کے اعلان پر پروڈیوسر اور اداکار خالد بن شاہین نے حکومت پاکستان کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری سطح پر کسی بھی فن کار کی صلاحیتوں کا سراہا جانا یقینا حوصلہ افزائی کا باعث ہے اور میں اس اعزاز کو اپنے سینے پر سجاتے ہوئے فخر محسوس کروں گا کیونکہ یہ میرے ملک کی طرف سے دیا جانے والا تمغہ ہے۔ اس اعزاز کو پانے پر انہوں نے اپنے دوستوں اور چاہنے والوں کا بھی شکریہ ادا کیا ہے۔ خالد بن شاہین نے کہا کہ یہ سب آپ کی دعاؤں اور محبتوں کی بدولت ہے۔

ڈاکٹر خالد بن شاہین ٹی وی پر 35 سے زیادہ سیریلز اورمتعدد طویل دورانیے کے ڈراموں کے ساتھ ایک متاثر کن پورٹ فولیو کے حامل ہیں۔ شوبز انڈسٹری میں 30 سال سے مصروف خالد بن شاہین نے نوے کی دہائی میں زی ٹی وی کے سوپ سیریل ’داستان‘ میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ ان کے کریڈٹ پر پی ٹی وی کے متعدد ناقابل فراموش ڈرامے ہیں، جن میں باادب باملاحظہ ہوشیار، انارکلی، حسینۂ عالم، برزخ، بابر، زندگی، پیلا پانی، گھر ایک نگر، قصہ چہار درویش، ہوائیں، جبکہ نجی چینلز پر ننگے پاؤں، یادیں، ساحل، جنت، جیٹھانی، ماں صدقے، دل تو بھٹکے گا، تو جو نہیں، بچھو، جدا ہوئے کچھ اس طرح، قسمت، میرا ہمدم، تعبیر، وغیرہ قابل ذکر ہیں۔
واضح رہے کہ آج 14 اگست کو اناؤنس کیے گئے اعزازات 23 مارچ کو سرکاری سطح پر منعقد ہونے والی تقریب میں دیے جائیں گے۔