وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے پاکستان کی پہلی میوزک فلم پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے ریڈیو پاکستان لاہور اور پی ٹی وی لاہور میں سینما گھروں کے قیام کا باضابطہ اعلان کردیا۔
وفاقی وزیر مریم اورنگزیب نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے دور میں پاکستان فلم انڈسٹری دنیامیں پہلے نمبر پر تھی۔ 2013 سے 2018 تک جب نواز شریف نے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی تو انہی ادوار میں کلچر پالیسی اور فلم پالیسی آئی، کیونکہ ہم جانتے تھے کہ فلم انڈسٹری کے ذریعے پاکستان کے امیج کو دنیا میں بہتر انداز میں اجاگر کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 30 سال سے پاکستان میں سنیما گھر مختلف وجوہات کی وجہ سے پیٹرول اسٹیشن بن گئے یا سی این جی اسٹیشن اور شادی ہال بن گئے ہیں کیونکہ فلم بننا بند ہوگئی تھیں۔ اس کی وجہ یہ تھی کہ انڈسٹری کے پاس اتنا پیسا نہیں تھا کہ وہ فلم بنا سکیں۔ رواں سال عید کے موقع پر 5 سے 6 فلمیں سنیما گھروں کی زینت بنیں، اسی اہمیت کو دیکھتے ہوئے ریڈیو پاکستان اور پاکستان ٹیلی وژن میں سنیماؤں کا سنگ بنیاد رکھ رہے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ ’اس کا مقصد پاکستانی عوام کو سستی تفریح فراہم کرنا ہے۔ ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں سینما اور تھیٹرز بنائے جائیں گے۔ نوجوانوں کو فلم سازی کے میدان میں مواقع ملیں گے۔ اسلام آباد، لاہور، کراچی، کوئٹہ کے علاوہ جن شہروں میں جہاں تھیٹر اور سنیما تھے، ان کو دوبارہ بحال کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر نے میوزک پالیسی کا اعلان بھی کیا۔ اس کے پہلے مرحلے میں اگلے ہفتے پاکستان کے علاقائی گلوکاروں کے لیے نیشنل ڈیجیٹل آرکائیو لانچ کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم نے کلاسیکل میوزک ریسرچ سیل کا افتتاح کیا ہے، جسے تقریباً 10 سال کے بعد کھولا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نوجوانوں کو بتانا چاہتے ہیں کہ ملکی ثقافت، میوزک، فلم، لیٹریچر کے ذریعے پاکستان کا بہتر امیج دنیا کے سامنے رکھ سکتے ہیں۔
Excited for the (First of Many) ground breaking of Cinema House and Digital Radio Lab at Radio Pakistan Lahore to bring back the splendour of Movie Magic back to Pakistan by introducing affordable cinema access .
— Marriyum Aurangzeb (@Marriyum_A) July 8, 2023
Reinvigorating the film entertainment industry and driving… pic.twitter.com/cF1nRKFhDC



انہوں نے مزید کہا کہ ڈیجیٹل براڈکاسٹنگ ٹریننگ لیب کا قیام شروع کیا گیا ہے۔ اسی طرح پوڈکاسٹ کا دائرہ کار بھی وسیع کیا جارہا ہے۔ اگر نوجوان ان چیزوں میں مصروف ہوں گے تو کوئی بھی شخص یا گروہ نوجوانوں کو نفرت، انتشار، فتنے، فساد کی ذہن سازی نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کے ہاتھ میں بم کے بجائے لیپ ٹاپ ہونا چاہیے، نفرت اور گالی کلوچ کا ہنر ہونے کے بجائے میوزک کا ہنر ہو، بچے کے ذہنوں میں فساد اور نفرت نہ پھیلائی جائے بلکہ پاکستان کی ثقافت، ورثہ، کلچر کو فروغ دیا جائے تاکہ دوبارہ کوئی 9 مئی کا سانحہ نہ ہو۔ وزیر اعظم کی ہدایت کے مطابق پاکستان کی ثقافت کو دنیا بھر میں فروغ دیا جارہا ہے، علاقائی موسیقی کو فروغ دینے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔

جون 2022 میں حکومت پاکستان نے فلم پالیسی 2018 کے تحت پاکستان ٹیلی وژن میں فلم ڈویژن کے قیام اور پاک فلیکس‘ نامی اسٹریمنگ ویب سائٹ کے منصوبے کا آغاز کیا تھا۔ خطاب کے دوران انہوں نے ’پاک فلیکس‘ نامی اسٹریمنگ ویب سائٹ کی ابتدائی تفصیلات بھی بتائیں اور کہا کہ اس پر پی ٹی وی کے تمام مواد سمیت فلم ڈویژن کا مواد بھی آن لائن دستیاب ہوگا۔