فلم، ٹی وی اور اسٹیج کی نامور اداکارہ و پرفارمر ماہ نور اور ان کی والدہ فائرنگ کے واقعہ میں بال بال بچ گئیں۔ ماہ نور ان دنوں میرین تھیٹر ساہیوال میں جاری ڈرامہ ”عشق دے جلوے“ میں پرفارم کررہی ہیں۔ گزشتہ رات ماہ نور ڈرامہ ختم ہونے کے بعد جیسے ہی اپنی والدہ کے ہمراہ میرین تھیٹر سے باہر نکلیں تو نا معلوم افراد کی جانب سے ان کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی گئی۔ اس موقع پر ڈرائیور نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گاڑی بھگا دی جس سے گاڑی میں موجود اداکارہ اور ان کی والدہ بال بال بچ گئیں۔


ماہ نور نے بتایا کہ میرے کیرئیر کے دوران یہ چوتھا موقع ہے کہ مجھ پر فائرنگ کروائی گئی ہے اور ہر بار اللہ تعالیٰ نے مجھے محفوظ رکھا ہے، اس پر جتنا شکر ادا کروں وہ کم ہے۔ میری کسی سے دشمنی نہیں ہے، شاید کچھ لوگوں کو میری شہرت اچھی نہیں لگتی اور وہ مجھے راستے سے ہٹانا چاہتے ہیں۔ رات جن لوگوں نے فائرنگ کی، میں ان کو نہیں جانتی۔ میں نے اس واقع کی رپورٹ نامعلوم افراد کے خلاف درج کروادی ہے۔ میرا حکومت سے مطالبہ ہے کہ فنکاروں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے اور اس واقعہ میں ملوث افراد کو قرار واقعی سزا دی جائے۔

یاد رہے کہ ماضی میں نرگس، ندا چوہدری، صائمہ خان، قسمت بیگ، فیا سمیت کئی اسٹیج پرفارمرز پر فائرنگ کے واقعات ہوچکے ہیں۔