Monday, September 16, 2024
پہلا صفحہخبریںنبیل قریشی کی ویب سیریز ساجد محل، کا یونٹ مسلح جتھے کے...

نبیل قریشی کی ویب سیریز ساجد محل، کا یونٹ مسلح جتھے کے ہاتھوں یرغمال

نامعلوم افراد، ایکٹر ان لا، اور قائد اعظم زندہ باد، جیسی کامیاب فلموں کے ڈائریکٹر نبیل قریشی ان دنوں یوٹیوب کے لیے ایک ویب سیریز ’ساجد محل‘ کی فلم بندی میں مصروف ہیں، جس کی شوٹنگ گزشتہ ایک ماہ سے کراچی کی مختلف لوکیشنز پر جاری ہے۔
گزشتہ روز نبیل قریشی اور ان کی ٹیم کراچی کے گنجان آباد علاقے جمشید کوارٹرز میں ویب سیریز کی شوٹنگ کررہے تھے کہ اس دوران ایک ناخوشگوار واقعہ پیش آیا، جس کے بعد صورت حال کشیدہ ہوگئی اور پولیس کو مداخلت کرنا پڑی۔

نبیل قریشی نے اس واقعے کو سب سے پہلے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر شیئر کیا۔ بعد ازاں نیوز چینلز اور پولیس کو اطلاع دی گئی۔
نبیل قریشی نے ٹویٹ میں تفصیلات بتاتے ہوئے لکھا کہ وہ اور ان کا یونٹ پی آئی بی کالونی کے قریب جمشید کوارٹر مارٹن روڈ، نوری بابا کے مزار کے عقب میں ایک مکان میں شوٹنگ کررہے تھے کہ اچانک 100 کے لگ بھگ افراد پر مشتمل جتھے نے ان پر دھاوا بول دیا، جس کے بعد وہ زبردستی گھر کے اندر داخل ہوگئے اور ناصرف فن کاروں اور یونٹ ممبرز سے بدتمیزی کی بلکہ ان کے موبائل فونز اور دیگر قیمتی سامان بھی لے گئے۔

پولیس کے مطابق اہل محلہ نے مکان مالک سے شکایت کی تھی کہ ڈائریکٹر نبیل قریشی ڈرامے کی شوٹنگ کی آڑ میں بلا اجازت گلی سے گزرنے والی خواتین کی بھی ویڈیو بنارہے ہیں، جس پر تنازعہ بڑھا اور اہل محلہ نے ایک ہجوم کی شکل میں مکان پر دھا وا بول دیا اور نبیل قریشی سمیت ان کے یونٹ کو وہاں سے فوراً چلے جانے کو کہا۔

نبیل قریشی نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ وہ اپنے یونٹ سمیت ایک کمرے میں محصور ہوکر رہ گئے تھے۔ ان کے کیمرہ مین رانا کامران نے اندر سے دروازے کو صوفہ لگاکر لاک کرنے کی کوشش کی لیکن مشتعل ہجوم نے زبردستی دروازہ کھول کر اندر گھسنے کی کوشش کی اور خواتین سمیت شوٹنگ پر موجود بچوں کو بھی ہراساں کیا۔ اس موقع پر وہاں موجود اداکار مانی، حرامانی، گل رعنا سمیت یونٹ کے سبھی لوگوں کی حالت غیر تھی اور وہ شدید خوف ذدہ تھے۔

ڈائریکٹر نبیل قریشی اور فضا علی میرزا

نبیل قریشی نے یہ الزام بھی لگایا ہے کہ ان پر حملہ آور ہجوم میں بعض افراد کے پاس اسلحہ بھی تھا اور اس اسلحے کے زور پر انہوں نے اداکاروں سمیت یونٹ میں شامل لوگوں سے موبائل فونز اور دیگر قیمتی سامان بھی لوٹ لیا۔ اس دوران اداکارہ حرا مانی مسلسل ان لوگوں کی منت سماجت کرتی رہیں کہ وہ خواتین اور بچوں کو ہراساں نہ کریں لیکن کسی نے اس کی بات پر دھیان نہیں دیا۔
نبیل قریشی کے مطابق تقریباً ایک گھنٹہ کمرے میں محصور رہنے کے بعد جب مسلح افراد وہاں سے چلے گئے تو انہوں نے پی آئی بی تھانے سے رجوع کیا اور میڈیا کو بھی واقعے سے آگاہ کیا۔

نبیل قریشی نے اعلیٰ حکام سے واقعے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے دیگر فلم میکرز کو ایسی صورت حال سے خبردار رہنے کا اشارہ بھی دیا ہے۔

تازہ اطلاعات کے مطابق پولیس نے اس واقعے میں ملوث تین افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ تاہم اب تک اس بات کی تصدیق نہیں ہوسکی کہ واقعے میں ڈکیتی کا عنصر شامل تھا۔ علاقہ مکینوں کے مطابق چند افراد محض سمجھانے کی غرض سے مالک مکان کے پاس گئے تھے کہ ڈائریکٹر نبیل قریشی کی ٹیم گھر سے باہر ان کی خواتین کی عکس بندی نہ کرے لیکن جواب میں مالک مکان نے ان سے بدتمیزی کی، جس کے ردعمل میں یہ تلخ کلامی ہوئی لیکن نبیل قریشی نے میڈیا کے سامنے واقع کو بڑھاچڑھاکر پیش کیا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

متعلقہ پوسٹس
- Advertisment -

مقبول ترین

ریسینٹ کمنٹس