سندھ بورڈ آف فلم سینسرز، نے کراچی میں انڈین فلم پٹھان، کی غیر قانونی نمائش کی خبروں کا نوٹس لے لیا۔
سینسرزبورڈ کی جانب سے جاری بیان میں بتایاگیا ہے کہ سوشل میڈیا کے ذریعے یہ علم ہوا ہے کہ فائر ورکس ایونٹس نامی کوئی ادارہ 4 فروری 2023 کو پلاٹ نمبر 34 سی، پہلی منزل، خیابان شہباز میں بھارتی فلم پٹھان، کی عوامی نمائش کا اہتمام کررہا ہے۔ اس سلسلے میں فائر ورکس ایونٹس نے فون نمبر 0334-3805539 پر مذکورہ فلم کے ٹکٹس بھی بک کرلیے ہیں۔



سندھ بورڈ آف فلم سینسرز، کی جاری پریس ریلیز کے مطابق کوئی بھی نجی پارٹی یا فرد کسی بھی فلم کی سرکاری یا پرائیویٹ عام نمائش کا اہتمام کرنے کا حق دار نہیں ہے جب تک کہ ایسی فلم کو عوامی نمائش کے لیے باقاعدہ اجازت نامہ جاری نہ کیا گیا ہو۔

چیئرمین بورڈ خالد بن شاہین کا کہنا ہے کہ سندھ موشن پکچرز ایکٹ 2011 کا سیکشن 4 (10) کسی فلم کی پبلک یا پرائیویٹ نمائش کو ریگولیٹ کرتا ہے اور کوئی بھی بورڈ کی تصدیق کے بغیر فلم کی نمائش نہیں کر سکتا۔ اس لیے مناسب ہے کہ فلم پٹھان، کی نمائش کو فوری طور پر منسوخ کر دیا جائے۔ مذکورہ کمپنی کو جاری کیے گئے نوٹس میں خبردار کیا گیا ہے کہ اگر آپ مذکورہ بالا ایکٹ کی دفعات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پائے گئے تو ایسی خلاف ورزی سیکشن 18(1) کے تحت دی گئی سزا کے مترادف ہوگی، جس میں کہا گیا ہے کہ کوئی بھی فلم جس کی بورڈ سے تصدیق نہ کی گئی ہو، اس کی غیر قانونی نمائش کی صورت میں نمائش کنندہ کو تین سال قید یا 100,000 روپے جرمانہ یا دونوں سزائیں ایک ساتھ دی جاسکتی ہیں۔ جرم جاری رکھنے کی صورت میں روزانہ کی بنیاد پر 10,000 روپے مذید جرمانہ لگایا جاسکتا ہے۔
سینسربورڈ کے چیئرمین خالد بن شاہین کے مطابق جو بھی سینسر بورڈ کی جانب سے طے شدہ قانونی حدود کو پار کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، اسے سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔