Thursday, September 19, 2024
پہلا صفحہخبریںطارق عزیز کو ٹری بیوٹ پیش کرنے کے لیے اسلم سیماب کا...

طارق عزیز کو ٹری بیوٹ پیش کرنے کے لیے اسلم سیماب کا سلام پاکستان شو

کوآرڈینیشن: علی گیلانی
تصاویر: وسیم رحمان

بلا شبہ کوئز پروگراموں کی تاریخ میں پی ٹی وی سے پیش کیا جانے والا پروگرام نیلام گھر، بعد ازاں بزمِ طارق عزیز اور پھر طارق عزیز شو، کا ریکارڈ آج تک برقرار ہے۔ اگرچہ اس کوئز شو کے بعد سے اب تک لاتعداد کوئز شو اور انعامی پروگرامز منظر عام پر آچکے ہیں۔ عامر لیاقت کا انعام گھر، رمضان ٹرانسمیشن اور فہد مصطفی کا شو جیتو پاکستان، بھی دراصل نیلام گھر، کا ہی ماڈرن ورژن کہے جاسکتے ہیں لیکن طارق عزیز جیسی مقبولیت اور ناظرین کی توجہ آج تک کوئی بھی حاصل نہیں کر سکا۔ ان حالات میں جدید تقاضوں اور ٹی وی ناظرین کی نفسیات کو پرکھتے ہوئے فیصلہ کیا گیا کہ کوئی ایسا کوئز شو ڈیزائن کیا جائے جس میں طارق عزیز جیسی لیجنڈ شخصیت سے جڑی یادیں بھی ہوں، ان جیسا انداز، معلومات اور انہی کے اسٹائل میں پوچھے گئے سوالات کے جوابات پر حوصلہ افزائی کے طور پرقیمتی انعامات بھی لوگوں تک پہنچ سکیں۔ جس کے بعد سیماب پروڈکشنز کے پلیٹ فارم سے سلام پاکستان شو کا آئیڈیا سامنے لایا گیا۔

معروف ہوسٹ اسلم سیماب نا صرف بولنے کا فن جانتے ہیں بلکہ ایک عرصہ سے ریڈیو اور اسٹیج کی دینا کے اسٹار کے طور پراپنی خدمات سر انجا م دے رہے ہیں۔ ان کے کریڈٹ پر بے شمار ریڈیو پروگرامز، سینکڑوں کی تعداد میں اسٹیج شوز اور دورِ حاضر میں کاسمیٹک برانڈ کے ایمبیسڈر کے طور پر معروف کمپنیوں کے کامیاب شوز ہیں۔ سب سے بڑھ کر یہ کہ وہ دل و جان سے طارق عزیز کی صلاحیتوں کے معترف اور ان سے عقیدت رکھتے ہیں۔ ان کے اسی جذبے کو دیکھتے ہوئے سلام پاکستان شو کا رنگ بھی کچھ اس انداز سے جمایا گیا ہے کہ دیکھنے والوں کو یہ طارق عزیز شو ہی دکھائی دے گا۔ اس شو کے ڈائریکٹر آغا قیصر عباس جبکہ اسکرپٹ رائٹر اے آر گل ہیں۔ شو کی ٹیم میں ڈائریکٹر فنانس شاہد ملک، سجل خان، اقبال رضوی، کیمرا مین محمد اکرم سمیت پروگرام کی معاون میزبان ماہم بٹ شامل ہیں۔ سلام پاکستان شو کے پروڈیوسر بھی اسلم سیماب ہیں اور خوش قسمتی سے انہیں ملٹی نیشنل کمپنیوں کا تعاون بھی حاصل ہو گیا ہے جس کی وجہ سے اس کے ہر شو میں کار، موٹرسائیکلز، لیپ ٹاپس، موبائل فونز، واشنگ مشینیں اور دیگر قیمتی انعامات آنے والے معزز مہمانوں کو دیا جارہا ہے۔

سلام پاکستان کے پہلے پروگرام کی ریکارڈنگ گزشتہ روز الحمرا ہال میں کی گئی جس میں شرکت کے لیے زندہ دلانِ لاہور کی بڑی تعداد الحمرا پہنچی۔ قومی ترانہ کے بعد با صلاحیت گلوکار جہانزیب اسلم نے سلام پاکستان کا ٹائٹل سونگ پیش کر کے حاضرین سے زبردست داد حاصل کی۔ پروگرام کے دوران موسیقی کے لیے وقف سیگمنٹ میں گلوکارہ راگنی نے اپنی آواز کا جادو جگا کر شر کا کو محظوظ کیا۔ شو کے دوران بصارت سے محروم جوڑے سید فرخ شاہ اور ان کی اہلیہ نے بانسری بجا کر سماں باندھ دیا۔ گلوکار ممتاز علی بھی شو کاحصہ تھے۔ اس شو میں ہر ہفتہ نامور شخصیات کوبطور مہمان مدعو کیا جائے گا۔ پہلے پروگرام کے مہمانِ خاص پرائڈ آف پرفارمنس اداکار راشد محمود تھے جنہوں نے دورانِ گفتگو طارق عزیز کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ساتھ ہی سلام پاکستان شو کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے اسلم سیماب کے جذبہ اور لگن کو بھی سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کے دور میں ایسا پروگرام پیش کرنا آسان کام نہیں لیکن سلام پاکستان کی ٹیم نے جو قدم اٹھایا ہے وہ یقینا قابلِ تحسین ہے۔

شو کے دوران حاضرین کو انعامات دینے اور ان کی معلومات کو جانچنے کے لیے سوالات کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ میزبان کی نوک جھونک اور ان کے اندازِتکلم کی شرکا نے داد دے کر اپنے اندازمیں تعریف کی۔ حال میں موجود افراد میں سلائی مشین، واشنگ مشین، کاسمیٹک پروڈکٹس اور سب سے بڑھ کر تین موٹر سائیکلز کے انعامات نے اس شو کی قدروقیمت میں کئی گنا اضافہ کر دیا۔ اسلم سیماب نے اعلان کیا کہ آئندہ پروگراموں میں کار کا تحفہ بھی دیا جائے گا۔ اس شو میں کا میڈین لکی ڈیئر نے ہال میں موجود افراد کے ہونٹوں پر قہقہے بکھیرے۔ نئی نسل کو شعر و ادب کی طرف راغب کرنے کے لیے بیت بازی کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں نوجوان لڑکے اور لڑکیوں نے معروف شعراء کے معیاری اشعار پڑھ کر اپنی صلاحیتوں کو ثابت کیا۔ اسی طرح کھیلوں کی اہمیت کو مدِنظر رکھتے ہوئے شادی شدہ جوڑے کو اسٹیج پر بلا کر گیمز کا انعقاد بھی کیا گیا۔ بہت جلد نئے شادی شدہ جوڑوں کو بھی پروگرام کا حصہ بنایا جائے گا۔ سلام پاکستان شو کی ریکاڈنگ پانچ گھنٹے جاری رہی۔

اس شو میں عوام کی دلچسپی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اس قدر طویل دورانیے کے باوجود بھی حال میں موجود شرکاء پورے انہماک سے پروگرام دیکھتے رہے اور ہر طرف سے تالیوں اور قہقہوں کا شور سنائی دیتا رہا۔
اسلم سیماب کا کہنا ہے کہ تمام تر مشکلات اور رکاوٹوں کے باوجود وہ اس پروگرام کوجاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔ بہت جلد یہ پروگرام لاہور کے علاوہ ملک کے دیگر شہروں، ملتان، فیصل آباد اورکراچی میں بھی ریکارڈ کیا جائے گا۔ اگلے مرحلے میں ہم اس کی ریکارڈنگ متحدہ عرب امارات، برطانیہ اور دیگر ممالک میں بھی کریں گے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

متعلقہ پوسٹس
- Advertisment -

مقبول ترین

ریسینٹ کمنٹس