لولی وڈ کے شہرہ آفاق رائٹر اور ڈائریکٹر محمد پرویز کلیم کی ڈائریکشن میں بنی میوزیکل رومانوی کامیڈی فلم ’رنگ عشقے دا‘ 13 جنوری کو ملک بھر کے سینماؤں کی زینت بنے گی۔ ’رنگ عشقے دا‘ کی اسٹار کاسٹ میں علی عباس سید، آمنہ راہی اور زاریہ خان شامل ہیں جبکہ لولی وڈ کی سینئر فنکارائیں مدیحہ شاہ، نغمہ بیگم اور کامیڈین افتخار ٹھاکر بھی کاسٹ کا حصہ ہیں۔ ’رنگ عشقے دا‘ ملک کے تینوں سینسرز بورڈز نے پاس کردی ہے۔

رائٹر و ڈائریکٹر محمد پرویز کلیم کے مطابق ’رنگ عشقے دا‘ فیملی تفریحی فلم ہے جس میں تمام فنکاروں نے بھرپور محنت کے ساتھ کام کرتے ہوئے اپنے کرداروں سے انصاف کیا ہے۔ نامور موسیقار ذوالفقار علی عطرے نے فلم کا میوزک ترتیب دیاہے۔

فلم کے تمام گیت انتہائی مسحور کن ہیں۔ ڈسٹری بیوشن کلب کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر شیخ عابد کا کہنا ہے کہ ’رنگ عشقے دا‘ نئے چہروں پر مشتمل فلم ہے جسے پاکستان کے علاوہ کینیڈا، برطانیہ اور امریکہ سمیت دیگر ممالک میں بھی ریلیزکیا جا رہا ہے۔ یہ نئے چہرے ہی پاکستان فلم انڈسٹری کا مستقبل ہے۔
