Tuesday, June 24, 2025
پہلا صفحہخبریںتنازعات میں گھری فلم ٹچ بٹن، کی ریلیز خطرے میں پڑ گئی

تنازعات میں گھری فلم ٹچ بٹن، کی ریلیز خطرے میں پڑ گئی

اے آر وائی گروپ ان دنوں زیر عتاب آیا ہوا ہے اور عمران حکومت جانے کے بعد سے مسائل نے اس ادارے کو چاروں طرف سے گھیر لیا ہے۔ حال ہی میں سینئر صحافی ارشد شریف قتل کیس میں اے آر وائی گروپ چیف سلمان اقبال کا نام آنے کے بعد میڈیا ہاؤس کے لیے مشکلات مذید بڑھ گئی ہیں۔ دوسری جانب اے آر وائی فلمز کی نیکسٹ ریلیز ٹچ بٹن، بھی اندرونی مسائل کا شکار ہوگئی ہے، جس کے سبب فی الحال فلم کی نمائش آگے بڑھادی گئی ہے۔ یہ دوسرا موقع ہے کہ اس فلم کی ریلیز ڈیٹ آگے بڑھائی گئی ہے۔ قبل ازیں یہ فلم 28 اکتوبر کو ریلیز کی جانی تھی تاہم نامعلوم وجوہات کی بنا پر ٹچ بٹن، کی نمائش دو ہفتے موخر کرکے 11 نومبر کو فلم ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا۔ آج اچانک یہ خبر آئی ہے کہ اب یہ فلم گیارہ نومبر سے بھی آگے بڑھ گئی ہے اور نئی ریلیز ڈیٹ 25 نومبر کردی گئی ہے۔

یہ فلم کرونا سے قبل شروع کی گئی تھی اور پچھلے برس عید پر فلم کی نمائش کا اعلان بھی کردیا گیا تھا۔ اب جب سے فلم کا ٹریلر اور ریلیز ڈیٹ منظر عام پرآئے ہیں، اس فلم سے جڑا کوئی نہ کوئی حادثہ بھی شہ سرخیوں کی زینت بن رہا ہے۔

ٹچ بٹن، کے ڈائریکٹر قاسم علی مرید، پروڈیوسر عروہ حسین، فرحان سعید، ایمان علی اور عرفان ملک

پہلے فلم کے دونوں پروڈیوسرز اور مرکزی کرداروں فرحان سعید اور عروہ حسین میں طلاق کی خبروں نے فلم کی شہرت کو نقصان پہنچایا۔ پھر اس فلم کے دوسرے ہیرو فیروز خان پر اس کی بیوی علیزے فاطمہ کی جانب سے ڈومیسٹک وائلنس کی خبروں نے لوگوں کی توجہ پائی۔ بعد ازاں یہ معاملہ بھی طلاق پر منتج ہوا۔ اب فلم کی دوسری ہیروئن سونیا حسین نے بھی فلم سے جڑے تنازعات میں اپنا حصہ ڈالنے کی کوشش کی ہے۔

اداکارہ سونیا حسین کا سولو پوسٹر

سونیا حسین نے فلم کی پروڈیوسر عروہ حسین کو فلم ٹچ بٹن، کے معاوضے کی عدم ادائیگی پر ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا ہے جس میں معاوضے کے علاوہ 50 لاکھ ہرجانے کی فوری ادائیگی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ یہ نوٹس سونیا کے وکیل سید مقبول حسین شاہ کی جانب سے بھیجا گیا ہے۔ جس کے مندرجات کے مطابق سونیا حسین نے اس فلم کی شوٹنگ کا آغاز 2 فروری 2020 کو کیا اور 5 جون 2020 کو فلم کی شوٹنگ مکمل کرادی لیکن معاہدے کے مطابق سونیا کووقت پر معاوضہ ادا نہیں کیا گیا۔ بار باریاد دلانے پر پروڈیوسرز نے سونیا حسین کو 8 مئی 2022 کی تاریخ کا ایک چیک دیا جو کہ پانچ لاکھ مالیت کا تھا۔ اسے ایکٹریس کو فل اینڈ فائنل پیمنٹ کہہ کر بھیجا گیا لیکن سونیا حسین نے یہ چیک وصول کرنے سے انکار کردیا۔ نوٹس میں طے شدہ معاوضے کی ادائیگی کے علاوہ پچاس لاکھ ہرجانے کا دعوا بھی کیا گیا ہے۔ بصورت دیگر معاملہ دھوکا دہی اور فراڈ کی دفعات کے تحت کورٹ میں جائے گا۔

نوٹس پر 22اکتوبر 2022 کی تاریخ درج ہے یعنی 7 نومبر کو معاملہ عدالت میں لے جایا جاسکتا ہے۔ ان حالات میں ٹچ بٹن، کی ریلیز سوالیہ نشان بن کر رہ گئی ہے۔ اگر معاملہ عدالت سے باہر طے نہ کیا گیا تو پھر فلم کی نمائش 25 نومبر کو بھی مشکل دکھائی دیتی ہے۔

نیوز ڈیسک

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

متعلقہ پوسٹس
- Advertisment -

مقبول ترین

ریسینٹ کمنٹس