امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ہم کسی نہ کسی طریقے سے ایران پر جنگ میں فتح حاصل کریں گے، آپ جلد ہی ایران کے حوالے سے کچھ اہم پیش رفت دیکھیں گے۔
وائٹ ہاؤس میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران کی معیشت تباہ ہو چکی ہے۔ ان کے حالات بہت خراب ہیں۔ امریکا کا آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول ہے۔ آبنائے ہرمز سے بڑی مقدار میں تیل کی ترسیل ہو رہی ہے، اور اس کی مقدار تاریخ میں کسی بھی دوسرے دور کے مقابلے میں زیادہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کی فوج، نیوی اور فضائیہ مکمل طور پر ختم ہو چکی ہے۔ ایران میں مہنگائی کی شرح سب سے زیادہ سطح پر ہے۔
انہوں نے کہا کہ آخری امریکی فوجی بھی اب عراق سے نکل چکا ہے۔ آج دن امریکا کے لیے اہم ہے۔ عراق میں امریکا نے داعش کے خلاف فیصلہ کن فتح حاصل کی ہے۔ فوج کا انخلا امریکا اور عراق دونوں کی فتح ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ افغانستان سے فوجی انخلا کے دوران 13 امریکی فوجی ہلاک ہوئے اور 48 زخمی ہوئے۔ افغانستان میں کئی فوجیوں نے ٹانگیں اور بازو گنوا دیے ہیں۔ لیکن افغانستان کے برعکس، عراق سے تمام امریکی فوجی سازوسامان واپس لے لیا گیا ہے۔ عراق میں اتحادی افواج اور سازوسامان کا منظم انخلا مکمل ہو چکا ہے۔



