Friday, August 14, 2026
پہلا صفحہخبریںایرانی صدر نے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای سے ملاقات کرلی، سرکاری...

ایرانی صدر نے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای سے ملاقات کرلی، سرکاری میڈیا

ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے صدر مسعود پزشکیان کی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای سے ملاقات ہوئی ہے، جس میں جنگ کے علاوہ ملک کو درپیش مسائل، عوام کی معاشی ضروریات اور مستقبل کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی ہے۔

ایرانی سرکاری خبر ایجنسی پریس ٹی وی کے مطابق صدر مسعود پزشکیان نے دورِ صدارت کا تیسرا سال شروع ہونے پر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای سے ملاقات کی جس میں ملک کو درپیش مسائل اور مشکلات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے ایران جنگ کی موجودہ صورت حال اور مستقبل کے حالات کا جائزہ لیا، اس دوران عسکری شعبے میں ہونے والی پیش رفت بھی زیرِ بحث آئی۔ ملاقات میں عوام کی معاشی ضروریات اور روزگار سے متعلق مسائل پر بھی گفتگو ہوئی جب کہ ملکی وسائل کے تحفظ اور اخراجات کے بہتر انتظام سے متعلق ممکنہ حل پر بھی غور کیا گیا۔

اس کے علاوہ ایرانی کرنسی، غیر ملکی زرمبادلہ اور توانائی سے متعلق امور سمیت دیگر ممالک کے ساتھ اقتصادی روابط کے معاملے پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

رائٹرز ادارے کے مطابق ایرانی میڈیا نے بتایا ہے کہ یہ ملاقات جولائی کے آخر میں ہوئی تھی۔ اس وقت مسعود پزشکیان اپنے عہدِ صدارت کے تیسرے سال میں داخل ہوئے تھے۔

واضح رہے کہ مسعود پزشکیان نے 5 جولائی 2024 کو صدارتی انتخاب کے دوسرے مرحلے میں کامیابی حاصل کرکے ایران کے صدر کا عہدہ سنبھالا۔ 28 جولائی 2024 کو آیت اللہ علی خامنہ ای نے انہیں باضابطہ طور پر صدر مقرر کیا۔ 30 جولائی کو انہوں نے ایرانی پارلیمان کے سامنے اپنے عہدے کا حلف اٹھایا۔

مسعود پزشکیان کا انتخاب ایسے میں ہوا تھا جب سابق ایرانی صدر ابراہیم رئیسی ایک ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہوگئے تھے۔

مئی میں بھی ایرانی میڈیا نے صدر مسعود پزشکیان کی مجتبیٰ خامنہ ای سے طویل ملاقات کی خبر دی تھی۔ مجتبیٰ خامنہ ای کے سپریم لیڈر بننے کے بعد یہ پہلا موقع تھا جب ان کی ایران کے کسی اعلیٰ حکومتی رہنما سے ملاقات کی خبر کو نشر کیا گیا تھا۔

مجتبیٰ خامنہ ای کے والد اور سابق سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای 28 فروری کو امریکی اور اسرائیلی حملوں میں شہید ہوگئے تھے۔ اسی حملے میں مجتبیٰ خامنہ ای بھی شدید زخمی ہوئے تھے۔

مجتبیٰ خامنہ ای سپریم لیڈر بننے کے بعد سے میڈیا یا عوامی سطح پر منظرِ عام پر نہیں آئے۔ ان کے تحریری پیغامات بھی سرکاری میڈیا کے ذریعے جاری کیے جاتے رہتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ان کی صحت کے حوالے سے بھی مختلف قسم کے دعوے سامنے آتے رہتے ہیں۔

ہفتے کے روز ایران کی نیم سرکاری نیوز ایجنسی مہر نیوز نے مجتبیٰ خامنہ ای کی ایک ویڈیو جاری کی جس میں وہ چند افراد کے ساتھ بیٹھے ہوئے ہیں۔ تاہم ایرانی میڈیا نے اس ویڈیو کے اوقات سے متعلق کوئی تفصیل فراہم نہیں کی۔

یہ واضح نہیں کہ ایرانی میڈیا نے اس ویڈیو کو کیوں جاری کیا۔ تاہم اس کے باوجود لوگ اس بارے میں سوچتے رہے گئے کہ ان کی صحت کی کیا حالت ہے۔

نیوز ڈیسک

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

متعلقہ پوسٹس
- Advertisment -

مقبول ترین

ریسینٹ کمنٹس