Monday, March 10, 2025
پہلا صفحہخبریںمعروف اداکار، پروڈیوسر اور چیئرمین فلم سینسر بورڈ سندھ خالد بن شاہین...

معروف اداکار، پروڈیوسر اور چیئرمین فلم سینسر بورڈ سندھ خالد بن شاہین کو تمغۂ امتیاز ملنے پر عشائیہ تقریب

معروف اداکار، پروڈیوسر اور چیئرمین فلم سینسر بورڈ سندھ جناب خالد بن شاہین کو حال ہی میں حکومت پاکستان نے تمغۂ امتیاز سے نوازا ہے۔ اس خوشی میں احباب کی جانب سے ان کے اعزاز میں خصوصی عشائیہ کا اہتمام کیا گیا جس میں سیکریٹری کلچر، ٹورازم، اینٹیک اینڈ آرکائیوز جناب عبدالعلیم لاشاری بطور مہمان خصوصی مدعو تھے۔ گیسٹ آف آنرز سابق آئی جی سندھ اور ڈی جی نیب سندھ جناب اظہر علی فاروقی، سابق محتسب اعلیٰ سندھ اور سی سی پی او کراچی جناب اسد اشرف ملک بھی خصوصی مدعو تھے۔ دیگر اہم شخصیات میں آئی ایس پی آر کے ترجمان بریگیڈیئر معین اقبال صاحب، سینئر فلم پروڈیوسر اور ڈسٹری بیوٹر جناب ستیش چند آنند، ڈی جی لائبریری سندھ جناب اعجاز شیخ، جنرل منیجر پی ٹی وی جناب امجد علی شاہ، ڈائریکٹر کلچر جناب حبیب اللہ میمن، ڈائریکٹر پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ٹورازم اینڈ ہوٹل مینجمنٹ جناب ہدایت اللہ راجر، سیکشن لا آفیسر سندھ جناب شفقت علی لارک، وائس چیئرمین سندھ فلم سینسر بورڈ جناب سچل شیخ، سیکریٹری سندھ فلم سینسر بورڈ جناب عادل احمد، سینئر جرنلسٹ اور ممبر سندھ فلم سینسر بورڈ عمر خطاب خان اور سینئر اداکار جناب شرافت علی شاہ نے عشائیے میں شرکت کی اور جناب خالد بن شاہین کو حکومت پاکستان کی جانب سے اعلیٰ سول اعزاز تمغۂ امتیاز دیے جانے پر مبارک باد دی۔

اس موقع پر سابق آئی جی سندھ جناب اظہر علی فاروقی نے کہا کہ ان کی خالد بن شاہین سے دوستی لگ بھگ تین دہائیوں پر مشتمل ہے، میں نے انہیں انتہائی نفیس اورملنسار دوست پایا۔ ہمیشہ ساتھیوں کی سپورٹ اور مدد میں پیش پیش رہتے ہیں۔ خلوص اور انکساری کا پیکر ہیں۔ ایسے لوگ آج کے زمانے میں ناپید ہوگئے ہیں۔ سابق محتسب اعلیٰ سندھ جناب اسد اشرف ملک نے کہا کہ میرا تعلق اور واسطہ بھی ان سے کافی پرانا ہے۔ ان میں وہ تمام خوبیاں ہیں جو ایک اچھے دوست میں ہونی چاہئیں۔ ان کو کبھی ذاتی مفاد کے لیے متحرک نہیں دیکھا، ہمیشہ دوسروں کے خیرخواہ رہتے ہیں۔

بریگیڈیئر معین اقبال صاحب نے کہا کہ میں آئی ایس پی آر کی طرف سے سینسر بورڈ میں نمائندگی کرتا ہوں اور خالد بھائی سے ذیادہ پرانا تعلق نہیں لیکن مختصر عرصے میں ہی اندازہ ہوگیا کہ یہ دل جیتنے کا ہنر بخوبی جانتے ہیں۔

پی ٹی وی کراچی سینٹر کے جنرل منیجر جناب امجد علی شاہ نے کہا کہ خالدصاحب کے کلاسک ڈراموں کی تصاویر پی ٹی وی کی راہداریوں میں لگی ہیں، روز گزرتے ہوئے انہیں دیکھتاہوں تو خالد بھائی کی یاد آتی ہے۔ میری خواہش ہے کہ آپ کسی روز وقت نکال کر پی ٹی وی ضرور آئیںاور ہمیں شرف میزبانی بخشیں۔ اس موقع پر انہوں نے سرور بارہ بنکوی کا شعرخالد بن شاہین کی نذر کیا۔
جن سے مل کر زندگی سے عشق ہوجائے وہ لوگ
آپ نے شاید نہ دیکھے ہوں مگر ایسے بھی ہیں

وائس چیئر مین سندھ فلم سینسر بورڈجناب سچل شیخ نے کہا کہ بلاشبہ خالد بھائی کی خدمات اس قدر ذیادہ ہیں کہ وہ اس اعزاز کے اصل حق دار ہیں۔ انہوں نے بینکاری سے لے کر ڈرامہ پروڈکشن میں نمایاں خدمات سر انجام دی ہیں۔ اداکاری میں بھی اپنی انفرادیت برقرار رکھے ہوئے ہیں۔ معروف فلم ساز اور ڈسٹری بیوشن ادارے ایوریڈی پکچرز کے سی ای او جناب ستیش چند آنند نے کہا کہ خالد صاحب کے چیئرمین بننے کے بعد سندھ کے فلم سینسر بورڈکی کارکردگی دیگر بورڈز کے مقابلے میں بہتر ہے اوریہ فلم سازوں اور تقسیم کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرتے ہیں۔ سندھ بورڈکی سینسر شپ بھی اتنی سخت نہیں بلکہ عالمی رجحانات اور معیارات کے مطابق ہے۔ ہمیں سینسر شپ پالیسی میں اسی وسیع النظری اور روشن خیالی کی ضرورت ہے۔

تقریب کے مہمان خصوصی سیکریٹری کلچر، ٹورازم اینڈ آرکائیوز جناب عبدالعلیم لاشاری نے خالد بن شاہین صاحب کو تمغۂ امتیاز ملنے پر مبارک باد پیش کی اور کہا کہ ان کی ملنسار شخصیت نے بے حد متاثر کیا۔ ان کے ڈرامے بھی دیکھنے کا اتفاق ہوا۔ جس قدر اچھے اداکار ہیں، اس سے بڑھ کر انسان دوست اور ایثار کا پیکر ہیں۔ ان کی چیئرمین شپ کے دوران فلم سینسر بورڈ کی کارکردگی قابل تعریف رہی ہے اور دیگر بورڈز کے مقابلے میں سندھ سینسر بورڈ کی ساکھ قابل تحسین ہے۔

آخر میں تقریب کے دُلہا‘ وہ شخصیت جن کے اعزاز میں یہ تقریب سجائی گئی، تمغۂ امتیاز جناب خالد بن شاہین کو دعوت ِخطاب دی گئی۔ سب سے پہلے انہوں نے تمام احباب کی مبارک بادوں اور اُنہیں پیش کیے گئے خراج تحسین کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ سب میرے ماں باپ کی دعاؤں کے طفیل ہے کہ مجھے زندگی کے ہر میدان میں کامیابیاں نصیب ہوئیں۔ اس کے بعد زندگی میں اچھے دوست ملے، جن کی وجہ سے حوصلہ افزائی ہوئی اور میرا خیال ہے کہ اچھے دوست ہی زندگی کا حاصل اور سرمایا ہوتے ہیں۔ جناب خالد بن شاہین نے کہا کہ اس موقع پر میں فاروقی صاحب اور سیکریٹری کلچر لاشاری صاحب کا خصوصی شکریہ ادا کرتا ہوں کہ جن کی ذاتی کوششوں اور دلچسپی سے یہ ممکن ہوا۔ اظہر فاروقی صاحب کے تحریک دلانے پر میں نے اس اعزاز کے لیے نامزدگی کی ہامی بھری اور انہوں نے ہی اس پروسس کو آگے بڑھایا۔ بعد میں لاشاری صاحب کی کوششوں سے سلسلہ پایہ تکمیل کو پہنچا۔ بلاشبہ حکومتی سطح پر کسی بھی فن کار کی صلاحیتوں کو سراہا جانا بڑے فخر کی بات ہے اور میں اس تمغے کوواقعی اپنے لیے امتیاز سمجھتا ہوں۔ جناب خالد بن شاہین نے سیکریٹری کلچر عبدالعلیم لاشاری صاحب کی خدمات کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا کہ ان کی ذاتی دلچسپی کی بدولت سندھ سینسر بورڈ کے ممبران کے الاؤنسز کی سمری منظور ہوئی جو کہ پچھلے دس سال سے التوا کا شکار تھی۔

تقریب کی نظامت کے فرائض سینئر اداکار اور کمپیئر جناب شرافت علی شاہ نے بخوبی سرانجام دیے۔ انہوں نے بھی خالد بن شاہین صاحب سے اپنی طویل رفاقت اور پرخلوص دوستی کا ذکر کرتے ہوئے انہیں شان دار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔

عشائیے کے بعد مہمانوں کی جانب سے جناب خالد بن شاہین کو اجرک اور گلدستے پیش کیے گئے۔ سیکریٹری کلچر عبدالعلیم لاشاری صاحب نے چیئرمین فلم سینسر بورڈکو اجرک، گلدستہ اور سندھی ٹوپی پیش کی۔ جناب خالد بن شاہین نے سیکریٹری کلچر کی خدمات کے اعتراف میں انہیں اجرک، گلدستہ، سندھی ٹوپی اور گھڑی کا تحفہ پیش کیا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

متعلقہ پوسٹس
- Advertisment -

مقبول ترین

ریسینٹ کمنٹس