Wednesday, June 25, 2025
پہلا صفحہخبریںدی لیجنڈ آف مولا جٹ، سے ملی نیک نامی شاٹ کٹ، سے...

دی لیجنڈ آف مولا جٹ، سے ملی نیک نامی شاٹ کٹ، سے ناکامی میں بدل گئی

زندگی کی 38 بہاریں دیکھ چکے گوہر رشید کا شمار ان ایکٹرز میں ہوتا ہے جنہوں نے بڑی جدوجہد کے بعد میڈیا انڈسٹری میں ایک مقام بنایا ہے۔ فلم کے بڑے پردے پر چھوٹے کرداروں سے ابھرکر سامنے آنے والے گوہر رشید کے بارے میں بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ وہ میں ہوں شاہد آفریدی، آپریشن21، یلغار، جوانی پھر نہیں آنی، رنگریزا، جیسی فلموں میں سپورٹنگ کردار کرچکے ہیں۔ اگرچہ اپنی پہلی ہی فلم سیڈلنگ (2013)، میں انہیں اے آر وائی فلم ایوارڈ اور نیویارک فلم فیسٹیول کی جیوری نے بیسٹ سپورٹنگ ایکٹر کے لیے نامزد کیا جبکہ اسی فلم کے لیے وہ لکس اسٹائل ایوارڈ میں بہترین اداکار کے لیے نامزد ہوئے۔ اس کامیاب آغاز کے بعد گوہر رشید کو ٹی وی پر تو اچھے پروجیکٹس ملے تاہم بڑی اسکرین پر وہ اپنی امیج کو سنبھالنے میں بری طرح ناکام ہوگئے۔

حال ہی میں دنیا بھر میں کامیابی کے جھنڈے گاڑنے والی پنجابی فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ، میں گوہر رشید نے بڑے اداکاروں کی موجودگی میں اپنے ہونے کا بھرپور احساس دلایا اور مختصر کردار میں بھی نمایاں نظر آئے لیکن اس کامیابی کا بھرپور فائدہ اٹھانے سے پہلے ہی اگلی ریلیز شاٹ کٹ، نے دی لیجنڈ آف مولا جٹ، سے ملے فائدے کو خسارے میں بدل دیا۔
فلم میں سولو ہیرو ہونے کے باوجود فلمی نقادوں نے گوہر رشید کو زبردست تنقید کا نشانہ بنایا ہے کہ آخر یہ فلم انہوں نے کیوں اور کیا سوچ کر سائن کی؟

فلمی نقادوں نے اس فلم پر کھل کر تنقید کی اور گوہر رشید کو آڑے ہاتھوں لیا

شاٹ کٹ، بیشتر سنیماؤں سے پہلے دن ہی اُتر گئی جبکہ دیگر سنیماؤں نے اس امید پر فلم کی نمائش جاری رکھی کہ شاید دی لیجنڈ آف مولا جٹ، کی ہائپ شاٹ کٹ، کو بہتر بزنس کی طرف لے جائے لیکن بے رحم باکس آفس نے فیصلہ صادر کردیا کہ کامیابی کا کوئی شاٹ کٹ، نہیں ہوتا۔ کراچی اور حیدرآباد کے میجر سنیماؤں نے فلم کی رپورٹ سامنے آنے کے بعد یہ فلم اسکرین کرنے سے ہی انکار کردیا۔

فلمی نقادوں نے اس فلم کے ڈائریکٹر اور ڈسٹری بیوٹر کو آئینہ دکھایا
فلم بنانے والے پریشان۔ دیکھنے والے ذیادہ پریشان

اس ناکامی نے گوہر رشید کے آنے والے پروجیکٹس پر بھی اثر ڈالا ہے۔ اطلاعات کے مطابق کرکٹر شعیب اختر کی بائیوپک ’راولپنڈی ایکسپریس‘ بھی تنازعات کا شکار ہوچکی ہے اورشعیب اختر کی جانب سے اس پروجیکٹ سے لاتعلقی کے بعد فلم کا مستقبل مخدوش نظر آتا ہے۔

گوہر رشید کی ایک اور فلم ’منی بیک گارنٹی‘ عیدالفطرپر ریلیز کیے جانے کا اعلان کیا گیا ہے، تاہم اس فلم میں فواد خان، میکال ذوالفقار، وسیم اکرم جیسے بڑے ستاروں کی موجودگی میں گوہر رشید کے لیے یہ پروجیکٹ منی بیک گارنٹی، ثابت ہوسکتا ہے۔

رانا ناصر ندیم

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

متعلقہ پوسٹس
- Advertisment -

مقبول ترین

ریسینٹ کمنٹس