بسنت 2026 کی واپسی کے ساتھ ہی شہر میں جہاں خوشی اور جوش و خروش کی فضا قائم ہے، وہیں چھتوں کے کرایوں میں غیر معمولی اضافے نے شہریوں کو حیران کر دیا ہے۔ مختلف علاقوں میں چھتوں کے کرائے جگہ، سہولیات اور لوکیشن کے لحاظ سے نمایاں طور پر مختلف دیکھے جا رہے ہیں۔
اندرونِ شہر کے تاریخی علاقوں موچی گیٹ، بھاٹی گیٹ اور رنگ محل میں ایک دن کے لیے چھتوں کا کرایہ 50 ہزار سے 1 لاکھ روپے تک پہنچ چکا ہے، جبکہ بعض پرائم لوکیشنز پر یہ ریٹ 2.5 لاکھ روپے فی دن تک بھی بتایا جا رہا ہے۔
شہر کے دیگر علاقوں میں بھی کرائے کم نہیں رہے، جہاں ایک دن کی چھت 20 ہزار سے 50 ہزار روپے تک دستیاب ہے۔ دوسری جانب بڑے ہوٹلوں اور کمرشل عمارتوں پر لگژری پیکجز متعارف کروائے گئے ہیں، جن میں کھانے اور پتنگوں سمیت 3 دن کا مکمل پیکج 21 لاکھ سے 55 لاکھ روپے تک فروخت ہو رہا ہے۔ سوشل میڈیا رپورٹس کے مطابق شہر کی سب سے مہنگی چھت کا کرایہ 1 کروڑ روپے تک بھی بتایا گیا ہے، تاہم اس کی سرکاری تصدیق سامنے نہیں آئی۔

انفرادی طور پر بسنت ایونٹس میں شرکت کے خواہشمند افراد کے لیے مختلف مقامات پر ٹکٹس 1,500 سے 20,000 روپے تک دستیاب ہیں۔
شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ بسنت کی رونقیں اپنی جگہ اہم ہیں، تاہم کرایوں میں غیر معمولی اضافہ عام لوگوں کے لیے اس تہوار میں بھرپور شرکت کو مشکل بنا سکتا ہے۔



