Wednesday, October 15, 2025
پہلا صفحہخبریںآرٹس کونسل کے تحت ورلڈ کلچر فیسٹیول 2025 میں 141 ممالک شرکت...

آرٹس کونسل کے تحت ورلڈ کلچر فیسٹیول 2025 میں 141 ممالک شرکت کریں گے

آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی جانب سے ”ورلڈ کلچر فیسٹیول2025ء“ کے حوالے سے پریس کانفرنس کا انعقاد حسینہ معین ہال میں کیاگیا جس میں صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ اور صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے بریفنگ دی۔ پریس کانفرنس میں صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہاکہ ورلڈ کلچر فیسٹیول 2025ءکا آغاز 30 اکتوبر سے ہوگا ، 39 روزہ فیسٹیول 7 دسمبر تک آرٹس کونسل میں جاری رہے گا، فیسٹیول میں 141 ممالک شرکت کررہے ہیں جس میں افریقہ سے 37، ایشیاء سے 41، یورپ سے 36، ساﺅتھ امریکا سے 11، نارتھ امریکا سے 13، اوشیانا سے 3شہروں کے فنکار آرٹس کونسل میں پرفارم کریں گے، ورلڈ کلچر فیسٹیول میں 45 تھیٹر ، 60 میوزک ، 25 ڈانس پرفارمنس ہوں گی جبکہ 6 ایگزیبیشن میں 25 بین الاقوامی اور 30 قومی سطح کے مصور حصہ لے ہیں، 25 تربیتی نشست اور 15 ٹاکس رکھی گئی ہیں۔فیسٹیول میں 1000سے زائد فنکار پرفارم کریں گے جس میں پاکستانی فنکار بھی شامل ہیں، انہوں نے کہاکہ ورلڈ کلچر فیسٹیول میں دنیا کے لوگوں کو دکھانا چاہتا ہوں کہ ہم امن پسند قوم ہیں، میں میڈیا کا شکر گزار ہوں جو ہمارے صوبے اور پاکستان کا مثبت چہرہ پوری دنیا میں دکھاتا ہے ،آرٹس کونسل آپ کا گھر ہے آپ نے پوری دنیا میں اسے دکھانا ہے، دوسرے ورلڈ کلچر فیسٹیول پر ہم نے پچھلے سال ہی کام شروع کردیا تھا، یہ دنیا کا سب سے بڑا فیسٹیول ہوگا، انہوں نے کہاکہ شہر کے حالات خراب کرنے کی اجازت کسی کو نہیں دیں گے۔ تشدد پسند عناصر کا خاتمہ ہونا چاہیے کیونکہ ہم خوش رہنا چاہتے ہیں اور جو ہماری خوشیوں میں رکاوٹ بنے اس کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے، انہوں نے مزید بتایا کہ 2800 سے زائد فلمیں ہمیں موصول ہوچکی ہیں جو اب تک کوئی اور ملک کسی فیسٹیول میں حاصل نہیں کرسکا، ہمیں اسرائیل اور انڈیا کے فلم میکرز نے بھی فلمیں بھیجی ہیں لیکن مودی کی وجہ سے ان کو جان کا خطرہ ہو سکتا ہے جہاں نسل کشی ہورہی ہو اس میں ان کی آرٹسٹوں کا کوئی قصور نہیں ہے ، غزہ میں جو بچے اور عورتیں شہید ہورہے تھے دو دن پہلے امن کا معاہدہ ہوا ہے ، ایسے حالا ت میں اس ورلڈ کلچر فیسٹیول کا ہونا بہت ضروری ہے، آنے والے دنوں میں پوری دنیا کی ثقافت کا نیوکلس کراچی منتقل ہوجائے گا۔ حالیہ جنگی حالات میں پاکستان کی کامیابی کے بعد ہمارے ملک کی اہمیت بڑھ چکی ہے، یورپ اور امریکا بھی اب ہمیں اچھی نگاہ سے دیکھتا ہے،ہم یہ فیسٹیول امن قائم کرنے کے لیے کررہے ہیں، انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت کا مکمل تعاون ہمارے ساتھ ہے ، سید ذوالفقار شاہ جب سے ثقافت کے وزیر بنے ہیں ہم مل کر فن وادب کی خدمت کررہے ہیں، مجھے خوشی ہے کہ دیر سے سہی مگر ایک اچھا ثقافت کا وزیر ہمیں ملا جو ہر وقت ہمارے ساتھ ہوتا ہے۔یہ موہنجودڑو کے لیے بھی کام کررہے ہیں، ہم نے حیدر آباد اور سکھر میں معرکہ حق میوزک فیسٹیولزکئے یہ ایک ٹیم ورک کا نتیجہ ہے جس میں لاکھوں لوگ شریک ہوئے، آرٹس کونسل مرکز ہے، انہوں نے بتایا کہ عالمی شہرت یافتہ گلوکار راحت فتح علی خان، اکبر خمیسو خان، مائی ڈھائی، صنم ماروی اور اختر چنال بھی فیسٹیول میں پرفارم کریں گے ، ہم امیجز فیسٹیول ،ماحولیاتی تبدیلی پر آگاہی ورکشاپ کے ساتھ روزانہ 4بجے فلم دکھائیں جس میں شارٹ فلمیں بھی شامل ہیں فلم ڈائریکٹرز بھی یہاں آئیں گے، صوبائی وزیر ثقافت سید ذوالفقار علی شاہ نے کہاکہ یہ” ورلڈ کلچر فیسٹیول“ کا سیکنڈ ایڈیشن ہے، پچھلے سال فیسٹیول میں 42 ممالک نے شرکت کی اس مرتبہ 141 ممالک شریک ہورہے ہیں، فیسٹیول میں آئے ہوئے آرٹسٹ اپنے اپنے ملکوں میں اچھی یادیں لے کر واپس گئے ، اس طرح کے فیسٹیول سے پاکستان کا مثبت چہرہ پوری دنیا میں جاتا ہے۔ کراچی جیسے شہر میں ثقافتی سرگرمیاں نہیں رکتی۔ ساڑھے تین سو سال پہلے شاہ لطیف نے بھی پیار اور امن کا پیغام دیا۔ آرٹس کونسل خصوصاً احمد شاہ ثقافت کا وہ چہرہ ہیں جو پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں، آرٹ اینڈ کلچر لوگوں کو آپس میں جوڑتا اور نفرت کو ختم کرتا ہے۔ سندھ حکومت فیسٹیول کے انعقاد کے لیے آرٹس کونسل کے ساتھ بھرپور تعاون کر رہی ہے، ہم بین الاقوامی فنکاروں کو سندھ کا ثقافتی ورثہ دکھائیں گے تاکہ دنیا کو پتا چلے ہم دہشت گرد قوم نہیں۔ ورلڈ کلچر فیسٹیول میں شام، عراق، ایران، فلسطین، مصر، اٹلی، بنگلہ دیش، سعودی عرب، امریکا، کینیڈا، فرانس، جرمنی، بحرین، ملائیشیا، انڈونیشیا، افغانستان، ازبکستان، کرغزستان، جارجیا، قبرص، میانمار، سنگاپور، مالٹا، کوسوو ، بیلاروس، یونان، فن لینڈ، مراکش، جاپان، کیمرون، ہانگ کانگ، چین ، متحدہ عرب امارات، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، سوڈان زمبابوے، جنوبی افریقہ، نائیجیریا، روانڈا، ایتھوپیا، صومالیہ، نیپال، بھوٹان ،لبنان ، آذربائیجان، قطر، سری لنکا، ترکیہ، تھائی لینڈ، یمن، عمان، فلپائن، انڈونیشا، موزمبیق، کینیا، کوموروس، یوگنڈا، تنزانیہ، برونڈی، سوڈان، الجزائ، تیونس، آئیوری کوسٹ، برکینا فاسو، انگولا، کمبوڈیا، آسٹریا، سوئیڈن، پرتگال، ناروے، بیلجیم، اسپین، وینزویلا، میکسیکو، پانامہ، گوئٹے مالا، تاجکستان، مشرقی تیمور، جمیکا، آئس لینڈ، لگسمبرگ، کولمبیا، ٹرینیڈاڈ وٹو باگو، پولینڈ، بوسنیا، آئرلینڈ ، سوئٹزرلینڈ، ڈی آرسی کانگو، جبوتی، گیمبیا، لیسوتھو، مالی، سینیگال، چاڈ، کوسٹاریکا،بارباڈوس، ہونڈوراس، بیلیز، ارجنٹائن، چیلی، پیرو، ایکواڈور، بولیویا، پیراگوئے، ہنگری، جمہوریہ چیک، جزائر سلیمان، البانیہ، ٹوگو، گبون، قزاقستان، لاﺅس، اردن، منگولیا، نیدرلینڈ، یوکرین، کروشیا، ڈنمارک، سربیا، بوسنیا، مونٹی نیگرو، ایسٹونیا، سولوینیا، شمالی مقدونیہ، بلغاریہ، کیوبا سمیت دیگر ممالک کے فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔واضح رہے کہ 30 اکتوبر سے شروع ہونے والا ”ورلڈ کلچر فیسٹیول 2025“ 7 دسمبر تک آرٹس کونسل میں جاری رہے گا جس میں زیادہ تر عوام کو مفت تفریح فراہم کی جائے گی


نیوز ڈیسک

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

متعلقہ پوسٹس
- Advertisment -

مقبول ترین

ریسینٹ کمنٹس