Friday, October 18, 2024
پہلا صفحہخبریںڈریم گرل2، کی کہانی کیا پاکستانی فلم سے چرائی گئی ہے؟

ڈریم گرل2، کی کہانی کیا پاکستانی فلم سے چرائی گئی ہے؟

پاکستانی فلمی شائقین کے لیے یہ خبر یقینا حیرت اور تجسس سے عاری نہیں ہوگی کہ حال ہی میں ریلیز ہونے والی بولی وڈ مووی ’ڈریم گرل2‘ کا اسکرپٹ ایک پاکستانی فلم ’نرم گرم‘ سے چوری کیا گیا ہے۔ اس بارے میں لوگ ذیادہ اس وجہ سے نہیں جان سکے کہ مذکورہ پاکستانی فلم ریلیز نہ ہوسکی اور نہ ہی فلم کی شوٹنگ شروع ہوسکی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ پاکستانی فلم کا اسکرپٹ لکھنے والا اور ڈریم گرل 2، کا رائٹرایک ہی ہے۔ جس کا نام راج شانڈیلیا ہے۔ جی ہاں، یہ وہی راج شانڈیلیا ہیں جس نے آیوش مان کھرانا کی فلم ’ڈریم گرل‘ لکھی اور اسے ڈائریکٹ بھی کیا۔ ڈریم گرل2، کے رائٹر اور ڈائریکٹر بھی راج ہیں۔

پاکستانی فلم ’نرم گرم‘کا معاملہ یہ ہے کہ ڈریم گرل2، کی کہانی راج شانڈیلیا نے پاکستانی فلم میکر جمشید جان محمد کو دو برس قبل دبئی میں سنائی تھی۔ جمشید کو یہ آئیڈیا اتنا پسند آیا کہ انہوں نے راج سے اسکرپٹ لکھنے کا کہہ دیا۔ راج فلم کا اسکرپٹ لکھنے میں مصروف ہوگئے اور جمشید اپنے دوست عمر خطاب خان (جرنلسٹ اورفلم ڈسٹری بیوٹر) کے ساتھ فلم کی کاسٹنگ میں لگ گئے۔ ابتدا میں فلم کا لیڈ رول پاکستانی ٹی وی ڈراموں کے ایک مقبول اداکار عمران اشرف کو آفر کیا گیا۔ ان کی عدم دلچسپی پر ایک اور فلم اسٹار شہریار منور کو اس رول کے لیے فائنل کرلیا گیا۔ فلم کی ہیروئن کے لیے نیلم منیر سمیت کئی نام زیر غور آئے۔ دو دیگر اہم کرداروں میں سہیل احمد اور صائمہ کو فائنل کرلیا گیا۔ ایک اور اہم کردار میں سلیم معراج بھی کنفرم ہوگئے۔ پھر اچانک خبر آئی کہ جمشید جان کراچی چھوڑ کر دبئی شفٹ ہوگئے اورنرم گرم، نامی فلم دلبرداشتہ ہوکر بند کردی کہ فلم کے لیڈ ایکٹرز نے انہیں ایک سال تک ڈیٹس کے لیے پریشان کیے رکھا۔

پھر 25 اگست کو ڈریم گرل2، آجاتی ہے، جس کے رائٹر اور ڈائریکٹر راج شانڈیلیا ہیں اور فلم کا اسکرپٹ ہوبہو وہی نکلتا ہے جو کہ نرم گرم، کا تھا۔
دراصل راج شانڈیلیا 2019 میں ریلیز ہوئی ڈریم گرل، سے کافی پیسہ اور شہرت سمیٹ چکے تھے اور اس کے بعداس کا سیکوئل بنانے کے لیے پرتول رہے تھے۔ فائنلی انہیں پہلی فلم کی پروڈیوسر ایکتا کپور نے ڈریم گرل کا سیکوئل بنانے کا گرین سگنل دے دیا اور انہوں نے فوری طور پر وہی اسکرپٹ ایکتا کو سنادیا۔ اسکرپٹ میں واقعی وہ بات تھی کہ ایکتا جیسی گھاک پروڈیوسر نے فوری ہامی بھرلی اور یوں ڈریم گرل2، کی شوٹنگ اگست 2022 میں شروع ہوگئی۔ ٹھیک ایک سال بعد 25 اگست 2023 کو یہ فلم منظر عام پر آئی۔ ڈریم گرل2، کا باکس آفس بزنس سو کروڑ روپے کے جادوئی ہندسے کوعبور کرچکا ہے اور فلم کی کامیاب نمائش جاری ہے۔

اب ہم آپ کو بتاتے ہیں کہ نرم گرم، کے نام سے بننے والی اسی کہانی پر کون سے پاکستانی اسٹارز کن کرداروں میں کاسٹ کیے گئے تھے۔
ڈریم گرل2، میں آیوش مان کھرانا نے جو کردار کیا ہے، وہ عمران اشرف یا شہریار منورکرنے والے تھے۔ نیلم منیر کی جگہ آپ انانیہ پانڈے کو دیکھ سکتے ہیں۔ پاریش راول والا کردار سہیل احمد کو آفر کیا گیا تھا اور انو کپور کی جگہ اسماعیل تارا کو سوچا گیا تھا۔سیما پاہوا والے کردار میں صائمہ کو سائن کیا گیا تھا۔ منجوت سنگھ والا کردار پاکستانی فلم میں سلیم معراج کرنے والے تھے۔
ان دنوں جمشید جان دبئی میں ایونٹ مینجمنٹ کے بزنس میں مصروف ہوگئے ہیں لیکن وہ یقینا ڈریم گرل2، کی کاسٹنگ اور کامیابی دونوں پر ملال ضرور کررہے ہوں گے کہ اگر یہ کہانی پاکستان میں بن جاتی تو آڈیئنس کو انٹرٹین منٹ سے بھرپور ایک زبردست فلم دیکھنے کو مل سکتی تھی، جس کا پاکستانی آڈیئنس کو شدت سے انتظار ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

متعلقہ پوسٹس
- Advertisment -

مقبول ترین

ریسینٹ کمنٹس