رواں برس عیدالفطر پر نمائش کے لیے پیش کی جانے والی ایکشن رومینٹک مووی ’دوڑ‘ کا آفیشل ٹریلر جاری کردیا گیا ہے جو سنیماؤں کے ساتھ سوشل میڈیا پر بھی دیکھا جاسکتا ہے۔ دوڑ، کے ٹریلر کی مقبولیت کا اندازہ اس سے لگایا جاسکتا ہے کہ اب تک صرف یوٹیوب پر اسے تین لاکھ سے زائد ویورز نے دیکھ لیا ہے۔ دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی اس کے ویوز کی تعداد لاکھوں میں ہے۔ دوڑ، حسن فلمز نے پروڈیوس کی ہے جبکہ میٹرو لائیو موویز کے بینر سے ریلیز کی جارہی ہے۔ فلم کے ڈائریکٹر ندیم چیمہ ہیں۔

اپنے نام کی طرح تھرل سے بھرپور اس فلم میں سسپنس اور ایکشن کے ساتھ رومینس کا تڑکا بھی لگایا گیا ہے۔ فلم میں کل چار گانے ہیں جو سننے اور دیکھنے سے تعلق رکھتے ہیں۔

فلم کے پروڈیوسربرطانیہ میں مقیم اسلم حسن ہیں۔ ان کا خیال ہے کہ آڈیئنس اب روایتی فلموں سے اکتاچکی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ انہوں نے دوڑ، جیسے منفرد موضوع پر فلم بنانے کا فیصلہ کیا۔ اس فلم میں وہ خود بھی ایک اہم کردارادا کررہے ہیں۔

دوڑ، کے رائٹر کامران رفیق ہیں، جن کے مطابق یہ کہانی ایسے کرداروں کی ہے جو خواہشوں کے غلام ہیں اور اپنی جائز و ناجائز خواہشات کی تکمیل میں انسان بسا اوقات ایسی آزمائش سے دوچار ہوجاتا ہے کہ اس بھنور سے نکلنا اس کے لیے ممکن نہیں رہتا۔ پھر وہ حالات سے راہِ فرار اختیار کرتا ہے اور یہی اس ایکشن تھرل کا مرکزی خیال ہے۔



دوڑ، کی عکس بندی لاہور کے علاوہ قلعہ روہتاس، جہلم اور ننکانہ میں کی گئی ہے۔ خاص طور پر اندرون لاہور کو جس خوب صورتی سے عکس بند کیا گیا ہے، شاید ہی اس سے قبل لاہور کا یہ حصہ کسی فلم میں دکھایا گیا ہوگا۔ فلم کے سنیما ٹوگرافر ایم اے مصطفی ہیں، جن سے ندیم چیمہ نے غیر معمولی کام لیا ہے۔

دوڑ، کا یونیک سیلنگ پوائنٹ فلم کا میوزک ہے۔ فلم میں کل چار گانے ہیں اور ان تینوں کا میوزک، عکس بندی اور فن کاروں کی پرفارمنس دیکھنے سے تعلق رکھتی ہے۔ دوڑ، کے دلکش میوزک کا کریڈٹ وقاص علی کو جاتا ہے، جن کی مدھر دھنیں فلم بینوں کو جھومنے پر مجبور کرتی ہیں۔ فلم کے کوریو گرافر توفیق شاہ ہیں۔

اس فلم میں لیڈنگ رول پلے کررہے ہیں ینگ ہنک اسد محمود، جو منی اسکرین پر تو اداکاری کے جلوے بکھیر ہی رہے ہیں لیکن سلور اسکرین پر ان کا ڈیبیو اداکار و ہدایت کار جاوید شیخ کی فلم وجود، سے ہوچکا ہے۔ یہ ان کی دوسری فلم ہے جس میں وہ کیوٹی بیوٹی عروج چوہدری کے مقابل پیار کی بازی کھیلتے نظر آئیں گے۔ اسکرین پر اس جوڑی کی اسکرین کیمسٹری کو دیکھتے ہوئے اندازہ لگانا مشکل نہیں کہ دوڑ، کے بعد اس جوڑی کی مانگ بڑھنے والی ہے۔ دوڑ، دراصل انہی دو کرداروں کے گرد گھومتی ہے۔

دوڑ، کا ایک اور اہم کردار سیلم معراج نبھارہے ہیں اور ان کے مطابق یہ فلم انہوں نے صرف ندیم چیمہ کے جنون کو دیکھتے ہوئے سائن کی ہے۔ سلیم معراج نے دہلی گیٹ، کا ٹیزر دیکھنے کے بعد ندیم چیمہ کے کام کی تعریف سوشل میڈیا پر کی تھی اور ان کے ساتھ کام کرنے کی خواہش ظاہر کی تھی جو بالاخر اس فلم میں پوری ہورہی ہے۔ دوڑ، کے ڈائریکٹر ندیم چیمہ نے سلیم معراج کے لیے ناصرف منفرد کردار لکھوایا بلکہ انہیں گیٹ اپ بھی ایسا دیا ہے کہ سلیم معراج کے مداح مدتوں اس کردار کو نہیں بھلا پائیں گے۔ دوڑ، کی دیگر کاسٹ میں اسلم حسن، وسیم علی، حفصہ راجپوت، راشد محمود، شفقت چیمہ، سردار کمال، اظہر رنگیلا، امیر علی، علی خان، سدرا نور، سوہا، اچھی خان، اور کامران مجاہد شامل ہیں۔



دوڑ، کے ڈائریکٹر ندیم چیمہ کے مطابق وہ پرامید ہیں کہ ان کی فلم عیدالفطر پر آڈیئنس کو الگ انداز کی تفریح فراہم کرے گی۔ انہوں نے عید پر ریلیز ہونے والی دیگر تمام فلموں کی کامیابی کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ندیم چیمہ کے بقول دوڑ، کے بعد ناصرف لاہور سے سنیما انڈسٹری کا احیا ہوگا بلکہ ماڈرن فلم تکنیک پر بھی کام شروع ہوجائے گا، جسے فی الوقت خصوصاً لاہور کی انڈسٹری میں سنجیدگی سے نہیں لیا جارہا۔ دوڑ، وہ ٹرینڈ سیٹ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے کہ ڈرامہ تکنیک پر فلمیں بنانے والے میکرز کو یہ باور کراسکے کہ فلم کا فریم کیا ہوتا ہے۔