Thursday, September 19, 2024
پہلا صفحہخبریںضیا محی الدین 91 برس کی عمر میں انتقال کرگئے

ضیا محی الدین 91 برس کی عمر میں انتقال کرگئے

عالمی شہرت یافتہ معروف صدا کار، اداکار، تھیٹر ڈائریکٹر اور ٹی وی ہوسٹ ضیا محی الدین کراچی میں 91 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
ضیا محی الدین طبیعت کی ناسازی کے باعث کراچی کے نجی اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔ گزشتہ دنوں انہیں بخار اور پیٹ میں شدید تکلیف کے باعث اسپتال داخل کیا گیا جہاں پر الٹرا ساؤنڈ کیے جانے پر معلوم ہوا کہ ان کی آنت میں خرابی پیدا ہوئی ہے جس پر ان کی آنت کا آپریشن کیا گیا۔ آپریشن کے بعد انہیں انتہائی نگہداشت وارڈ منتقل کیا گیا جہاں وہ دورانِ علاج انتقال کر گئے۔
ضیا محی الدین کے والد کو پاکستان کی پہلی فلم ’تیری یاد‘ کے مصنف اور مکالمہ نگار ہونے کا اعزاز حاصل ہوا۔

ضیا محی الدین 20 جون 1931 کو فیصل آباد میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے ریڈیو آسٹریلیا سے صداکاری کاآغاز کیا، جس کے ساتھ ساتھ طویل عرصے تک برطانیہ میں تھیٹر سے منسلک رہے۔ انہوں نے برطانوی سنیما اور ہالی ووڈ میں بھی فن کے جوہر دکھائے۔ 50 کی دہائی میں لندن کی رائل اکیڈمی آف ڈرامیٹک آرٹ سے اداکاری کی باقاعدہ تربیت حاصل کی۔ ضیامحی الدین کو 1962 میں فلم “لارنس آف عریبیہ” میں کام کرنے کا موقع ملا جس میں انہوں نے ایک یادگار کردار ادا کیا۔

ضیا محی الدین براڈوے میں کام کرنے والے جنوبی ایشیا کے پہلے اداکار تھے۔ 70 کی دہائی میں پی ٹی وی سےضیا محی الدین شو کے نام سے منفرد پروگرام شروع کیا جو بے حد مقبول ہوا۔ 1973 میں وہ پی آئی اے آرٹس اکیڈمی کےڈائریکٹر مقرر کیے گئے جہاں انہوں نے کئی سال گزارے۔

جنرل ضیا الحق کے مارشل لا کے بعد ضیا محی الدین واپس برطانیہ چلے گئے لیکن 90 کی دہائی میں مستقل پاکستان واپس آگئے۔ ضیا محی الدین نے انگریزی اخبار دی نیوز میں کالم بھی لکھے۔ ضیا محی الدین کی کتاب ’آ کیرٹ از کیرٹ‘ کو بے حد مقبولیت حاصل ہوئی۔ ضیا محی الدین کی خدمات کے اعتراف میں 2003 میں انہیں ستارۂ امتیاز اور 2012 میں ہلال امتیاز سے نوازا گیا۔

ضیا محی الدین نے 2004 میں کراچی میں نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹ کی بنیاد رکھی اور زندگی کے آخری لمحات تک نیشنل اکیڈمی آف پرفامنگ آرٹس کے سربراہ رہے۔ انہوں نے تھیٹر اور ٹی وی میں بہت سے نئے فنکار متعارف کرائے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

متعلقہ پوسٹس
- Advertisment -

مقبول ترین

ریسینٹ کمنٹس