فاسٹ اینڈ فیوریئس سیریز کی دسویں فلم جسے فاسٹ ٹین، کا نام دیا گیا ہے، 19 مئی کو دنیا بھر کے ممالک میں ریلیز ہونے جارہی ہے۔ ان ملکوں کی فہرست میں پاکستان بھی شامل ہے۔

فاسٹ ٹین، طوفانی ایکشن سے بھرپور فلم ہے جس کی ہدایتکاری لوئس لیٹریئر نے کی ہے اور اسکرپٹ جسٹن لین اور ڈین مازیو نے لکھا ہے۔ یہ فلم فاسٹ نائن، کا سیکوئل ہے۔
فاسٹ ٹین، کا ٹریلر اب سے چند گھنٹے قبل ریلیز کیا گیا ہے جس میں فلم کی رفتار کا بخوبی اندازہ ہوجاتا ہے۔ کاسٹ میں ون ڈیزل، مشیل روڈریگوز، ٹائرس گبسن، کرس لوڈاکریس برجز، جیسن موموا، نتھالی ایمانوئل، جارڈنا بریوسٹر، جان سینا، جیسن اسٹیتھم، سانگ کانگ، ایلن رِچسن، ڈینیلا میلچیئر، اسکاٹ ایسٹ ووڈ، چارلیز تھرون، ہیلن مائرن، برائی لارسن، سمیت دیگراسٹارز شامل ہیں۔
ایک تخمینے کے مطابق اس فلم کا بجٹ 340 ملین امریکی ڈالر ہے۔ اس اعتبار سے یہ ہالی وڈ کی اب تک کی پانچویں سب سے مہنگی فلم قرار دی گئی ہے۔ فاسٹ ٹین، کی فلم بندی لندن، روم، ٹورین، لزبن اور لاس اینجلس میں کی گئی ہے۔ یہ فلم یونیورسل پکچرز کے بینر سے ریلیز کی جارہی ہے۔