پروڈیوسر اور ڈائریکٹر جاوید احمد کی موسٹ اویٹڈ فلم ’ونس اپون آ ٹائم اِ ن کراچی‘ کا آفیشل پوسٹر جاری کردیا گیا ہے، جس میں فلم کے ہیرو محسن عباس حیدر، ہیروئن نوشین شاہ، عدنان شاہ ٹیپو، مرحوم احمد بلال کے ساتھ نئی دریافت ماہ رُخ مرزا نظر آرہے ہیں۔ بھرپور ایکشن اور کامیڈی کا تڑکا لیے اس فلم کی دیگر کاسٹ میں کنول نذر، یاسر تاج اور علی رضوی بھی شامل ہیں۔ فلم کے پروڈیوسر اور ڈائریکٹر جاوید احمد ککے پوتو ہیں۔
ونس اپون آ ٹائم اِن کراچی، کی کہانی ایک چینل رپورٹر اور کیمرہ مین کے معاشی مسائل کا احاطہ کرتی ہے جنہیں کئی ماہ سے تنخواہ نہیں ملی۔ دونوں دوست مل کر حالات سے لڑنے کا ایک اچھوتا راستہ منتخب کرتے ہیں جو بظاہر خطرناک ہے لیکن ان کے پاس کوئی چوائس نہیں ہے۔
ونس اپون آ ٹائم اِن کراچی، عید الفطر کے بعد 10 جون کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔ یہ فلم معروف ڈسٹری بیوشن ادارے میٹرو لائیو موویز کے بینر سے ریلیز کی جارہی ہے۔
ونس اپون آ ٹائم اِن کراچی، کا میوزک علی اللہ دتا اور بلال اللہ دتا نے دیا ہے۔ فلم کے سنیما ٹوگرافر اسد ممتاز ہیں۔
ونس اپون آ ٹائم اِن کراچی، میں مرکزی کردار ادا کرنے والے اداکار اور گلوکار محسن عباس حیدر کی وجہ شہرت دُنیا ٹی وی کا مقبول شو ’مذاق رات‘ تھا لیکن بڑی اسکرین پر انہیں فلم ’نامعلوم افراد‘ سے شہرت ملی۔ اس فلم کا سیکوئل بھی بے حد کامیاب رہا۔ ونس اپون آ ٹائم اِن کراچی، محسن عباس حیدر کی بطور سولو ہیرو پہلی فلم ہے جس میں انہوں نے کامیڈی کے ساتھ ساتھ ایکشن ہیرو کے طور پر بھی اپنا لوہا منوایا ہے۔ ان کے مقابل ٹی وی انڈسٹری کی گلیمرس کوئن نوشین شاہ ہیں جو پہلی بار بڑے پردے پر جلوہ گر ہورہی ہیں۔ ونس اپون آ ٹائم اِن کراچی، میں علی ظفر کی طیفا اِن ٹربل، سے شہرت حاصل کرنے والے کامیڈی اداکار مرحوم احمد بلال بھی ایک دلچسپ کردار میں نظر آئیں گے۔ یہ کردار ناصرف فلم بینوں کو ہنس ہنس کر لوٹ پوٹ ہونے پر مجبور کردے گا بلکہ جذباتی مناظرمیں بھی متاثر کرے گا۔